سی ڈی اے کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر مبینہ تعمیراتی خلاف ورزیوں کا نوٹس جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر مبینہ تعمیراتی خلاف ورزیوں کے حوالے سے سی ڈی اے نے نوٹس جاری کردیا ہے، سی ڈی اے کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول نے گھر کے مالک کو نوٹس جاری کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سی ڈی اے نے سربراہ جے یا آئی ف مولانا فضل الرحمان کے گھر پر مبینہ تعمیراتی خلاف ورزیوں کا نوٹس چسپاں کر دیا۔
نوٹس میں گھر کے سیٹ بیکس میں مبینہ غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کی گئی۔
نوٹس میں سی ڈی اے نے انتباہ کیا کہ سی ڈی اے کی اراضی پر گارڈ پوسٹس اور جنریٹر نصب کرنے پر بھی اعتراض اٹھایا گیا، سی ڈی اے نے مبینہ تعمیراتی خلاف ورزیاں 15 روز میں ختم کرنے کی ہدایت کر دی۔
مقررہ مدت میں خلاف ورزیاں ختم نہ کی گئیں تو عمارت سیل کرنے کی کارروائی ہوگی۔

نوٹس کے مطابق مبینہ غیر قانونی تعمیرات ختم نہ کرنے کی صورت میں انہدام کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے، سی ڈی اے نے خلاف ورزیاں برقرار رہنے پر الاٹمنٹ منسوخ کرنے کی کارروائی کا بھی انتباہ دے دیا۔
دوسری جانب سیکرٹری جنرل جے یو آئی ف سندھ مولانا راشد محمود سومرو نے اپنے ردعمل میں کہا کہ جنریٹر کی ثابت قدمی کو سلام!
2018ء سے آج 2026ء تک کتنے وزیراعظم آئے،
کتنی حکومتیں بدلیں، کتنے اپوزیشن لیڈر آئے،
مگر مولانا فضل الرحمٰن صاحب کے گھر کا جنریٹر اپنی جگہ ڈٹا رہا!

عمران خان کے دور میں نوٹس آیا تو شہباز شریف اور بلاول بھٹو اسمبلی میں جنریٹر کے حق میں بولے۔
اب شہباز شریف وزیراعظم ہیں، دیکھتے ہیں جنریٹر کے حق میں بولتے ہیں یا نوٹس کے حق میں!
ایک بات البتہ سمجھ آگئی: نہ اُس وقت عمران خان قصوروار تھا، نہ آج شہباز شریف!
اصل معاملہ تو اُن ’’نامعلوم‘‘ کا تھا، جو اب کچھ کچھ معلوم ہونے لگے ہیں!
اور ہاں!
کارکنوں کے ساتھ ساتھ جنریٹر بھی 2018ء سے مولانا صاحب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا تھا، کھڑا ہے اور ان شاء اللہ
کھڑا رہے گا!
جنریٹر زندہ باد! وفاداری ایسی کہ بجلی آئے یا جائے،
جگھ وفاداری اور موقف نہیں بدلتا!

WhatsApp
Get Alert