پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے جبکہ ڈیزل فی لیٹر 2 روپے 29 پیسے مہنگا کردیا گیا ہے۔
پیٹرول کی نئی قیمت 377 روپے 91 پیسے برقرار رکھی ہے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 402 روپے 96 پیسے مقرر کردی گئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور تیل کی قیمتیں مسلسل چوتھے ماہ اضافے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق جمعے کو تیل کی قیمتوں میں تازہ اضافہ آبنائے ہرمز میں متعدد آئل ٹینکرز کے مبینہ طور پر بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کی اطلاعات کے بعد سامنے آیا۔
اس پیش رفت نے خطے میں جاری کشیدگی کے دوران عالمی تیل کی ترسیل اور سپلائی کو لاحق خطرات ایک بار پھر نمایاں کر دئیے۔ آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے واقعات نے عالمی توانائی منڈی میں تشویش بڑھا دی ہے۔
برینٹ خام تیل کے دسمبر کے سودوں کی قیمت میں 1.20 ڈالر یعنی 1.04 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 116.08 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت بھی 1.37 ڈالر یعنی 1.34 فیصد اضافے کے بعد 103.37 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ماہانہ بنیاد پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریبا 11 فیصد اضافے کا امکان ہے، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت اس ماہ تقریبا 14 فیصد بڑھنے کی جانب گامزن ہے۔

WhatsApp
Get Alert