خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری کا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اقدامات کا جائزہ، شکایات کے ازالے کا نظام مؤثر بنانے کی ہدایت

مالیاتی آگاہی اور عوامی شعور کو فروغ دیا جائے، مستحقین تک سہولیات کی فراہمی کے لیے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خدمات بھی حاصل کرنے کی تجویز


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پروگرام کے تحت جاری مختلف اقدامات اور منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔
اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری نے خواتین کو بااختیار بنانے اور مستحق خاندانوں کی معاونت میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کردار کو سراہتے ہوئے پروگرام کے اقدامات کو مزید وسعت دینے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے مالیاتی آگاہی اور عوامی شعور کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ مستحق افراد کو درپیش مسائل کا بروقت حل ممکن ہوسکے۔
خاتونِ اول نے تجویز دی کہ بی آئی ایس پی کی سہولیات کو حقیقی مستحقین تک پہنچانے کے لیے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جائے۔
اجلاس کے دوران چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے بتایا کہ پروگرام کے تحت خرچ ہونے والا ہر ایک روپیہ معیشت میں 2 روپے 34 پیسے کی حقیقی آمدن پیدا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بی آئی ایس پی کے ذریعے پیدا ہونے والی معاشی سرگرمیوں سے قومی خزانے میں سالانہ تقریباً 174 ارب روپے کا حصہ آنے کا تخمینہ ہے۔
روبینہ خالد نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ بے نظیر ہنرمند پروگرام کے تحت فنی تربیت کے لیے 50 ہزار سے زائد افراد رجسٹریشن کراچکے ہیں۔
ان کے مطابق رجسٹرڈ افراد کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، مہمان نوازی اور تعمیرات سمیت مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جارہی ہے، جس کا مقصد مستحق افراد کو ہنر مند بنا کر روزگار کے مواقع تک رسائی میں مدد دینا ہے۔

WhatsApp
Get Alert