پاکستان اور برطانیہ کا انسداد دہشتگردی، منشیات اور سائبر کرائم کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان اور برطانیہ نے انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات، سائبر کرائم، غیر قانونی امیگریشن، نادرا، کوسٹ گارڈز اور تربیتی پروگرامز سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانوی وزیر مملکت برائے سیکیورٹی ڈین جاروس کے درمیان وزارت داخلہ میں ہونے والی ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران کیا گیا۔

ملاقات میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور دونوں ممالک کے متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔

مذاکرات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سیکیورٹی تعاون کے مختلف پہلوؤں، بالخصوص دہشتگردی، منشیات کی اسمگلنگ، سائبر جرائم اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں جانب سے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے اور مشترکہ اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

برطانوی وزیر مملکت ڈین جاروس نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سائبر کرائم ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور اس کی مؤثر روک تھام کے لیے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

ڈین جاروس کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں بہترین تعاون موجود ہے، جسے مزید وسعت دینا چاہتے ہیں، انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔

ملاقات میں انسداد منشیات کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا، اس معاہدے کے تحت برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی یعنی این سی اے اور پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس کے درمیان تعاون کو مکمل طور پر فعال بنانے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران برطانیہ اسمگل کی جانے والی منشیات کے 330 کیسز ناکام بنائے گئے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان قائم ورکنگ گروپ کا اجلاس بھی جلد بلانے پر اتفاق کا ذکر کیا۔

مذاکرات کے دوران برطانوی تعاون سے جاری اپ اسکیل پروجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، محسن نقوی نے منصوبے کی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپسکیل پراجیکٹ پاکستانی اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں انتہائی اہم ثابت ہورہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert