نیب نے سابقہ ادوار میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق پرانی انکوائریاں ،تحقیقات دوبارہ کھولنے کا عمل تیز کردیا
ماضی میں زیر التوا ء رہنے والے یا جن مقدمات میں پیشرفت سست رہی انہیں دوبارہ دیکھا جا رہا ہے ،ذرائع

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)قومی احتساب بیورو نے سرکاری امور میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق پہلے سے شروع کی گئی بعض انکوائریوں اور تحقیقات پر دوبارہ توجہ مرکوز کردی ہے جن میں ایک بااثر سیاسی شخصیت کے قریبی حلقے سے وابستہ افراد کے معاملات بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ماضی میں زیر التوا ء رہنے والے یا جن مقدمات میں پیشرفت سست رہی انہیں دوبارہ دیکھا جا رہا ہے اور متعلقہ ریکارڈ سمیت سابقہ کارروائیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق زیر غور معاملات کسی ایک شخصیت تک محدود نہیں بلکہ متعلقہ سیاسی رہنما کے خاندان اور قریبی حلقے سے وابستہ بعض افراد کے خلاف بھی ہیں۔ ان میں سابقہ حکومتوں کے ادوار میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق معاملات شامل ہیں جو پہلے بھی احتسابی اداروں کے نوٹس میں آچکے ہیں۔احتسابی عمل سے واقف حکام کا موقف ہے کہ پہلے سے شروع کی گئی انکوائریوں کو قانون کے مطابق دوبارہ کھولا یا آگے بڑھایا جاسکتا ہے، تاہم کسی بھی تحقیق کی حیثیت کا تعین دستاویزی شواہد اور قانونی طریقہ کار کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
