پاکستان کا بیرونی قرضہ 10 سال میں تقریباً دگنا ہو کر 135 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، ورلڈ بینک
چین 22.4 ارب ڈالر کے قرض کے ساتھ پاکستان کا سب سے بڑا انفرادی قرض دہندہ ہے، عالمی بینک اور اے ڈی بی کے قرضے بھی 36 ارب ڈالر سے زائد ہو گئے، رپورٹ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان کا بیرونی قرضہ 10 سال میں تقریباً دگنا ہو کر 135 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، ورلڈ بینک بینک کی انٹرنیشنل ڈیٹ رپورٹ 2026 کے مطابق پاکستان کا مجموعی بیرونی قرضہ 2025 میں بڑھ کر 135.1 ارب ڈالر ہو گیا، جو گزشتہ ایک دہائی کے دوران تقریباً دگنا اضافہ ہے۔ ’ڈان‘ اخبار کے مطابق میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا بیرونی قرضہ 2015 میں 68 ارب 673 ملین ڈالر تھا، جو 2025 میں بڑھ کر 135 ارب 107 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔
اس میں سرکاری اور حکومتی ضمانتوں کے تحت حاصل کردہ قرضہ 107 ارب 76 ملین ڈالر، نجی شعبے کا بغیر حکومتی ضمانت کے قرضہ 17 ارب 58 کروڑ ڈالر جبکہ قلیل مدتی قرضہ 10 ارب 45 کروڑ ڈالر شامل ہے۔ سرکاری اور حکومتی ضمانتوں کے تحت حاصل کردہ قرضوں میں سے 56 ارب 83 کروڑ ڈالر کثیرالجہتی مالیاتی اداروں، 42 ارب 43 کروڑ ڈالر دوطرفہ قرض دہندگان جبکہ 7 ارب 80 کروڑ ڈالر نجی قرض دہندگان کے ذمہ واجب الادا ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چین پاکستان کا سب سے بڑا انفرادی قرض دہندہ ہے، جس کے 22 ارب 40 کروڑ ڈالر پاکستان کے ذمے واجب الادا ہیں۔ اس کے بعد عالمی بینک کا 19 ارب 20 کروڑ ڈالر اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کا 16 ارب 83 کروڑ ڈالر قرضہ ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری مالیاتی اداروں سے حاصل کردہ قرضوں کی اوسط مدت 16 سال ہے، جس میں چار سال کی رعایتی مدت اور اوسط شرح سود 3.6 فیصد ہے۔
اس کے برعکس نجی قرضوں پر اوسط شرح سود 8.6 فیصد ہے، جن کی ادائیگی کی اوسط مدت تین سال جبکہ رعایتی مدت ایک سال ہے۔ رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان (مینا پ) کے خطے میں قرضوں کی ادائیگی اور سود کی شرح کے تناسب میں بہتری آئی ہے، تاہم اس خطے میں مجموعی قومی آمدنی (جی این آئی) کے مقابلے میں بیرونی قرضوں کا تناسب 2025 میں بڑھ کر 29.4 فیصد ہو گیا، جو گزشتہ سال 26.7 فیصد تھا۔
یہ کسی بھی خطے میں ایک سال کے دوران ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے، جو مسلسل بڑھتے ہوئے قرضوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2025 کے دوران چین نے پاکستان کو دیے گئے 2 ارب ڈالر کے قرضوں کی ادائیگی کی مدت میں توسیع کی، جبکہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے طویل مدتی معاشی استحکام میں معاونت کے لیے ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (ای ایف ایف) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (آر ایس ایف) پروگراموں کے تحت پاکستان کو 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کی نئی مالی معاونت فراہم کی۔
