مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے بری خبر، نئی رپورٹ جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں 0.29 فیصد اضافہ ہوگیا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 12.31 فیصد پر پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 10 اشیا سستی اور 20 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی 114.88 فیصد مہنگی ہوئی جبکہ ٹماٹر کی قیمت میں 78.89 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح بجلی کے چارجز 52.38 فیصد بڑھ گئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال کے دوران ڈیزل 39.27 فیصد اور پیٹرول 36.34 فیصد مہنگا ہوا جبکہ گندم کا آٹا 33.95 فیصد اور مرغی 31.81 فیصد مہنگی ہوئی۔
ہفتہ وار بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 54.18 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ایل پی جی، آلو، انڈے اور لہسن بھی مہنگے ہوئے۔ دوسری جانب پیٹرول 4.20 فیصد اور ڈیزل 2.97 فیصد سستا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق دال چنا، کیلا، پیاز، خشک دودھ اور مرغی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ چینی، گندم کا آٹا اور دال مونگ بھی معمولی سستی ہوئی۔
