عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، تھانوں میں کھلی کچہریاں لگا کر سائلین کو فوری ریلیف دیا جائے: آئی جی بلوچستان
جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں تیز اور پولیس گشت بڑھایا جائے، فرائض میں غفلت برداشت نہیں ہوگی: محمد طاہر کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کی تمام رینجز کے ڈی آئی جیز اور ضلعی پولیس آفیسرز (ڈی پی اوز) نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سیکیورٹی انتظامات، جرائم کی روک تھام اور فورس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پولیس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی بالادستی بلوچستان پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام فیلڈ افسران کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانت داری، محنت اور فرض شناسی کے ساتھ نبھانی ہوں گی جبکہ امن دشمن اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن یقینی بنایا جائے۔
محمد طاہر نے افسران کو ہدایت کی کہ صوبے بھر میں جرائم پیشہ افراد کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے، پولیس گشت میں اضافہ ہو اور حساس و عوامی مقامات کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے تھانوں کی سطح پر باقاعدگی سے کھلی کچہریاں منعقد کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور ان کی شکایات کا میرٹ پر فوری ازالہ کیا جائے تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کا رشتہ مضبوط ہو۔ انہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو باقاعدہ پولیس دربار لگانے اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی ہدایت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام اور قانون کی عملداری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
