جامعہ بلوچستان کی 22 ویں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا، پی ایچ ڈی، ایم فل اسکالرز اور طلباء و طالبات میں ڈگریاں اور گولڈ میڈلز تقسیم کیے گئے


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)جامعہ بلوچستان، کوئٹہ کی 22 ویں کانووکیشن کی پروقار تقریب یونیورسٹی لاء کالج میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل تھے۔


کانووکیشن کے دوران 23 اسکالرز کو پی ایچ ڈی، 29 اسکالرز کو ایم فل کی ڈگریاں جبکہ 58 نمایاں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، ، وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی، مختلف محکموں کے سیکرٹریز، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، رجسٹرار، ڈینز، ڈائریکٹرز اور طلباء و والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ بلوچستان صوبے کے ممتاز تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے جس کے فارغ التحصیل طلباء نے قومی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے ایلومنائی میں متحرک رہنما، دانشور اور محققین شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چوتھے صنعتی انقلاب کے دور میں جی رہے ہیں، اے آئی، ڈیٹا سائنس، شمسی توانائی اور جدت طرازی نے ترقی کے تصورات بدل دیے ہیں۔ اس دور میں محض روایتی ڈگریاں کافی نہیں، طلباء کو مہارت، تخلیقی سوچ اور خود کو حالات کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہوگی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے سال 2026-25 کے دوران جامعہ کی تعلیمی و تحقیقی پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نے تحقیق، نئے پروگرامز اور انفراسٹرکچر میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

تقریب کے اختتام پر گورنر بلوچستان نے اسکالرز میں ڈگریاں اور گولڈ میڈلز تقسیم کیے جبکہ معزز مہمانوں میں اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

WhatsApp
Get Alert