سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی اولین ترجیح ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عرب اخبار کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کا عزم غیر مشروط اور غیر متزلزل ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی اولین ترجیح ہے، پاکستانی دستے پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہیں، جبکہ اب ’مکہ دفاعی اتحاد‘ مشترکہ ذمہ داریوں کے عملی مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت اتفاق شدہ تعداد میں فوج اور عسکری صلاحیتوں کی سعودی عرب تعیناتی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے تحت نہ صرف فوجی تیاریاں بڑھائی جائیں گی بلکہ عسکری انضمام اور تعاون کو بھی مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
انھوں نے واضح کیا کہ معاہدے کے تحت اتحادی ممالک کے درمیان انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا، تاہم مکہ دفاعی اتحاد کے دائرہ کار میں تعاون صرف دفاعی نوعیت کی کارروائیوں تک محدود ہوگا۔
