سہیل آفریدی اور بابر سلیم سواتی سمیت 9 ارکانِ اسمبلی کی حراست وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج
سیاسی وابستگی کی بنیاد پر منتخب نمائندوں کو نشانہ بنانا آئین کی خلاف ورزی ہے، ریاستی مشینری کو سیاسی اختلاف دبانے کیلئے استعمال نہیں کیا جا سکتا، زیر حراست ارکان کو پیش کیا جائے، پٹیشن میں مؤقف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی آئینی عدالت میں سہیل آفریدی سمیت 9 اراکینِ اسمبلی کی گرفتاریوں کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی، جس میں حکومت اور متعلقہ اداروں کے اقدامات کو چیلنج کرتے ہوئے زیرِ حراست ارکان کی فوری رہائی کی استدعا کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطباق اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کی جانب سے معروف قانون دان ایڈووکیٹ معظم بٹ کے توسط سے وفاقی آئینی عدالت میں درخواست دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سہیل آفریدی اور بابر سلیم سواتی سمیت 9 اراکینِ اسمبلی کی گرفتاری اور حراست سراسر غیر آئینی ہے، تمام زیرِ حراست ارکانِ اسمبلی کو عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ ان کی حراست کا قانونی جواز جانچا جا سکے اور انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔
پٹیشن میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ منتخب عوامی نمائندوں کو حراست میں رکھنا عوام کے دیئے گئے انتخابی مینڈیٹ کو غیر مؤثر اور کمزور کرنے کے مترادف ہے، آیا ریاستی ادارے کسی بھی سیاسی وابستگی کی بنیاد پر منتخب نمائندوں کی سیاسی سرگرمیوں اور ان کے آئینی و پارلیمانی کردار کو روک سکتے ہیں یا نہیں، سیاسی بنیادوں پر منتخب نمائندوں کو نشانہ بنانا اور انہیں حراست میں رکھنا اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 4، 14، 17 اور 25 کی صریح خلاف ورزی ہے۔
پٹیشن میں حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ وہ عدالت کو یہ واضح کرے کہ اس وقت زیرِ حراست ارکانِ اسمبلی کہاں موجود ہیں اور ان کی حراست کی اصل قانونی حیثیت کیا ہے، آئین کے آرٹیکل 232، 234 اور 245 کے تحت حاصل ہونے والے غیر معمولی اختیارات بھی شہریوں اور منتخب نمائندوں کے بنیادی حقوق سے بالاتر نہیں، صوبے میں گورنر راج نافذ ہونے سے شہریوں کے بنیادی حقوق ختم نہیں ہو جاتے بلکہ ریاست کا ہر حکومتی اقدام وفاقی آئینی عدالت کے عدالتی جائزے کے تابع ہوتا ہے۔
درخواست میں اس بات کی بھی یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو حکومت کے ساتھ سیاسی مذاکرات کرنے کی اہم ذمہ داری سونپی تھی، اور اس تناظر میں ریاستی مشینری کو سیاسی اختلاف دبانے یا منتخب نمائندوں کو دیوار سے لگانے کے لیے استعمال کرنا آئین و قانون کے منافی ہے۔
