میرے خلاف نیب کی کارروائی سیاسی انتقام ہے، اپنے دفاع کیلئے تمام قانونی وعدالتی راستے اختیار کروں گا، اسد قیصر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق اسپیکر اور مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ میرے خلاف نیب کی کارروائی سیاسی انتقام ہے، اپنے دفاع کیلئے تمام قانونی وعدالتی راستے اختیار کروں گا، نوٹس میں میرے اہلِ خانہ اور کم عمر بچوں کے نام اور ذاتی معلومات ظاہر کرنے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے لکھا کہ میڈیا رپورٹس کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ نیب نے میرے خلاف انکوائری شروع کی ہے۔ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ تحریک انصاف کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ میں نے اپنی زندگی کے تیس سال تحریک انصاف کے ساتھ گزارے ہیں، دیانت داری سے زندگی گزاری ہے اور اپنے خلاف کرپشن کے تمام الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہوں۔
تاہم، جس انداز میں مبینہ نوٹس افشا کیا گیا اور اس میں میرے اہلِ خانہ، بالخصوص کم عمر بچوں کے نام اور ذاتی معلومات ظاہر کی گئیں، اس کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ اس اقدام سے بچوں کی تعلیم، ذہنی صحت اور مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔


نیب کے قانون میں بھی انکوائری کے مرحلے پر معلومات کی رازداری کے تقاضے موجود ہیں۔ ان تقاضوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ذاتی معلومات افشا کرنا ناقابلِ قبول ہے۔
میں اس کارروائی کو سیاسی انتقام سمجھتا ہوں، اس کی شدید مذمت کرتا ہوں اور اپنے دفاع کے لیے تمام قانونی و عدالتی راستے اختیار کروں گا۔

WhatsApp
Get Alert