پیپلز پارٹی ایک پُرامن اور جمہوری معاشرے کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،بلاول بھٹو زرداری


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عدم برداشت، انتہا پسندی اور نفرت کا بڑھتا ہوا رجحان جمہوریت، سماجی ہم آہنگی اور انسانی وقار کے لیے سنگین خطرہ ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے عالمی یوم برداشت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ سیاسی جبر، جمہوری عمل میں رکاوٹیں اور سماجی ناامیدی ایسے حالات پیدا کرتے ہیں جن میں انتہا پسندی اور تشدد کو پنپنے کا موقع ملتا ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا یہ فکری مؤقف آج بھی رہنمائی فراہم کرتا ہے کہ آمریت قانون کی حکمرانی کو کمزور اور طاقت و اسلحے کی ثقافت کو فروغ دیتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی کا مؤثر مقابلہ جمہوری آزادیوں، قانون کی بالادستی، سماجی انصاف اور نوجوانوں کو قومی دھارے میں بامعنی شرکت کے مواقع فراہم کرکے ہی ممکن ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی سطح پر جنگوں، علاقائی کشیدگی، مذہبی منافرت اور نسل پرستی میں اضافہ اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ دنیا تصادم کے بجائے مکالمے، نفرت کے بجائے رواداری اور طاقت کے بجائے انصاف و سفارت کاری کو ترجیح دے۔
بھارتی زیر تسلط کشمیر اور فلسطین سمیت تنازعات سےمتاثرہ خطوں میں انسانی تکالیف کا خاتمہ اور بنیادی حقوق کا تحفظ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ جمہوریت، آئین، انسانی حقوق اور سیاسی رواداری کی جدوجہد سے عبارت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک پُرامن، روادار، منصفانہ اور جمہوری معاشرے کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert