تبلیغی جماعت کے امیر معروف عالمِ دین مولانا نذر الرحمان انتقال کرگئے

مرحوم کچھ عرصے سے علیل تھے، ان کی نمازِ جنازہ و تدفین آج رات مرکز تبلیغی جماعت رائیونڈ میں ادا کی جائے گی، وفات پر ملک بھر کی سیاسی و مذہبی اعلیٰ شخصیات کا گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار


لاہور(قدرت روزنامہ)تبلیغی جماعت کے چوتھے امیر مولانا نذر الرحمان 97 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، مرحوم کچھ عرصے سے علیل تھے، اور ان کی نمازِ جنازہ و تدفین آج رات مرکز تبلیغی جماعت رائیونڈ میں ادا کی جائے گی، ان کی وفات پر ملک بھر کی سیاسی و مذہبی اعلیٰ شخصیات نے گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امیر تبلیغی جماعت مولانا نذر الرحمان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان اور تبلیغی جماعت کے اکابرین کے ساتھ دلی ہمدردی و تعزیت کی ہے، انہوں نے مولانا نذر الرحمان کی دینِ اسلام کی تبلیغ کے لیے گراں قدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اسی طرح پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے بھی مولانا نذر الرحمان کی رحلت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے، اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مولانا نذر الرحمان کی دینی و دعوتی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا اور ان کا نقصان امتِ مسلمہ بالخصوص دینی حلقوں کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔
بتایا گیا ہے کہ مولانا حاجی نذر الرحمان پاکستان میں تبلیغی جماعت کے امیر تھے، جن کا آبائی تعلق ضلع راولپنڈی کے علاقے بلوال سے تھا، وہ یکم اکتوبر 1929ء کو پیدا ہوئے اور انہوں نے ابتدائی دینی تعلیم راولپنڈی کے مختلف مدارس سے حاصل کی، بعد ازاں انہوں نے 1949ء اور 1950ء کے دوران مدرسہ خادم علوم نبوت، کٹھیالہ شیخاں گجرات سے دورۂ حدیث کی تکمیل کی۔
بتایا جارہا ہے کہ مرحوم کا شمار پاکستان میں تبلیغی جماعت کے ابتدائی اور مخلص کارکنوں میں ہوتا تھا، انہوں نے تبلیغی جماعت کے سابق امیر مولانا حاجی عبدالوہاب کے ساتھ طویل عرصے تک شانہ بشانہ تبلیغی سرگرمیوں میں کام کیا، مولانا حاجی عبدالوہاب کی وفات کے بعد نومبر 2018ء میں انہیں تبلیغی جماعت کا امیر مقرر کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ بطور نائب امیر بھی ذمہ داریاں نبھا چکے تھے، سال 2026ء میں انہیں دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات میں بھی شامل کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert