وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کو ایم پی او کیس میں آرٹیکل 199 کے مقدمات سُننے کی اجازت دیدی
اگر آئین کے آرٹیکل 245 کی سادہ ریڈنگ کی جائے تو آرٹیکل 199 کے تحت مقدمات نہیں سنے جا سکتے، تاہم اگر اس شق کی بالکل سادہ تشریح پر جائیں تو پورا عدالتی نظام ہی جام ہو کر رہ جائے گا؛ عدالتی ریمارکس

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی عدالت نے گورنر راج اور ایم پی او یعنی مینٹیننس آف پبلک آرڈر سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران 5 نومبر کے حکمِ امتناع میں ترمیم کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کو آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دیگر مقدمات سننے کی اجازت دے دی، چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے اس اہم آئینی معاملے کی سماعت کی اور پشاور بار کونسل کو بھی مقدمے میں فریق بننے کی اجازت دے دی۔
اطلاعات کے مطابق سماعت کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ 5 نومبر کا حکمِ امتناع صرف گورنر راج اور ایم پی او سے متعلقہ معاملات تک محدود تھا، عدالتی بینچ نے ریمارکس دیئے کہ پشاور ہائیکورٹ آرٹیکل 199 کے تحت دیگر عمومی مقدمات کی سماعت جاری رکھ سکتی ہے، اگر آئین کے آرٹیکل 245 کی سادہ ریڈنگ کی جائے تو اس کے مطابق آرٹیکل 199 کے تحت مقدمات نہیں سنے جا سکتے، تاہم اگر اس شق کی بالکل سادہ تشریح پر جایا جائے تو پورا عدالتی نظام ہی جام ہو کر رہ جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ درخواست گزاروں کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ 5 نومبر کے عدالتی حکم کے باعث پشاور ہائیکورٹ کی معمول کی کارروائی شدید متاثر ہوئی ہے اور اس حکم سے وکلاء کی پریکٹس بھی رک گئی ہے، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں تھری ایم پی او کے تحت بھی ریلیف فراہم کیا جائے کیونکہ خیبرپختونخواہ میں تاحال ریویو بورڈ تشکیل نہیں دیا جا سکا ہے۔
بیرسٹر گوہر کے مؤقف پر ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخواہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ صوبے میں ریویو بورڈ تین ماہ بعد تشکیل دیا جائے گا، مزید برآں چیف جسٹس امین الدین خان نے بیرسٹر گوہر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے متفرق درخواستیں پشاور رجسٹری میں دائر کی ہیں، جب وہ درخواستیں ہمارے پاس آ جائیں گی تو ہم ان کا جائزہ لے لیں گے۔
