حامد میر نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ قید کا سامنا کرنے والی سیاسی خاتون قرار دیدیا

مخالفین انہیں سزا یافتہ مجرم اور ریاست کا باغی قرار دیتے ہیں لیکن جیل میں وہ قیدی خواتین کی مدد کرتی ہیں، جیل کا عملہ بھی انہی سے چیک اپ کرواتا ہے کیونکہ اللہ نے ان کے ہاتھ میں بہت شفاء دی ہے؛ سینئر صحافی کا کالم


لاہور(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر کے ایک حالیہ کالم میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء اور سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی قید، طبی حالت اور ان کے خلاف سنائی جانے والی سزاؤں کے حوالے سے چشم کشا تفصیلات سامنے آئی ہیں، کالم میں ان کی سیاسی جدوجہد، طبی مسائل اور جیل کے اندر انسانی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔
روزنامہ جنگ کیلئے اپنے کالم میں حامد میر نے یاد دلایا ہے کہ سال 2019ء میں بطور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا تھا کہ نواز شریف بیمار ہیں اور ان کا جیل میں علاج ممکن نہیں ہے، جس کے بعد عدالت کے حکم پر انہیں علاج کے لیے سیدھا لندن بھیج دیا گیا تھا، آج تمام میڈیکل رپورٹس کہہ رہی ہیں کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو بھی اسپتال میں علاج کی شدید ضرورت ہے لیکن اس کے باوجود انہیں ہسپتال منتقل نہیں کیا جا رہا۔


انہوں نے کالم میں لکھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے طب کے بجائے سیاست کے میدان میں ایک انوکھا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے، وہ 2010ء میں پی ٹی آئی میں شامل ہوئیں اور مئی 2023ء سے لاہور کی سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں قید ہیں، 76 سالہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو گزشتہ تین سال کے دوران آٹھ مختلف مقدمات میں 10، 10 سال قید کی آٹھ سزائیں سنائی جا چکی ہیں جن کا مجموعی دورانیہ 80 سال بنتا ہے، اس وقت وہ دنیا میں سب سے زیادہ قید کا سامنا کرنے والی سیاسی خاتون ہیں، ان کے خلاف ابھی چھ مقدمات مزید زیرِ سماعت ہیں، اگر دیگر دفعات کے تحت ملنے والی سزاؤں کو بھی شامل کیا جائے تو یہ مجموعی عرصہ اڑھائی سو سال سے زیادہ بنتا ہے۔
سینئر صحافی نے بتایا کہ 14 نومبر 2026ء کو کوٹ لکھپت جیل میں قائم انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں سماعت کے دوران ان کے وکیل رانا مدثر عمر نے عدالت سے باقاعدہ استدعا کی کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو ریڑھ کی ہڈی کے آپریشن کی اشد ضرورت ہے، اس لیے انہیں جیل سے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے، ماضی میں بھی عدالتیں انہیں ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایات جاری کرچکی ہیں، تاہم ایک بار ہسپتال بھیجے جانے کے باوجود انہیں واپس جیل منتقل کر دیا گیا تھا، حکومت کے اس سخت رویے کی بڑی وجہ یہ بھی سمجھی جاتی ہے کہ انہوں نے فروری 2024ء میں جیل کے اندر سے ہی نواز شریف کے خلاف قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا اور ہار کر بھی جیت گئی تھیں۔
حامد میر نے اپنے کالم میں لکھا کہ اگرچہ مخالفین انہیں سزا یافتہ مجرم اور ریاست کا باغی قرار دیتے ہیں لیکن جیل کے اندر وہ سب کے لیے یاسمین آپا ہیں، وہ جیل کی قیدی خواتین کی مسلسل مدد کرتی ہیں، غریب قیدیوں کو وکلاء کے ذریعے رہائی دلاتی ہیں، کئی قیدی خواتین کی بیٹیوں کی شادیاں بھی کروا چکی ہیں، جیل کا عملہ اور قیدی خواتین اپنا طبی چیک اپ بھی انہی سے کرواتی ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ان کے ہاتھ میں بے پناہ شفا رکھی ہے، اس کے علاوہ وہ جیل میں خود کشیدہ کاری کرتی ہیں اور دیگر قیدی خواتین کو بھی اس ہنر کے ذریعے روزگار کمانے کی ترغیب دے رہی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert