پاکستان کا بھلا کرنا ہے تو سیاسی پارہ نیچے لایا جائے، ایک دوسرے کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں، خواجہ سعد رفیق

قوم کے مستقبل کا فیصلہ بااختیار پارلیمنٹ کرے، جسے عوام کے ساتھ ریاستی اداروں کی حمایت حاصل ہو، پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں سے مقتدرہ کے تعلقات نارملائز ہونے میں ریاست کا مفاد ہے؛ سابق وفاقی وزیر کا مشورہ


لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے خبردار کیا ہے کہ مقتدرہ، حکومت اور جمعیت علمائے اسلام ف کے درمیان تنازعے کا مزید سنگین ہونا وطنِ عزیز کیلئے سخت نقصان کا باعث ہوگا، ابھی بات بہت دور نہیں گئی، معاملات کو سمیٹ لینا اور سیاسی درجہ حرارت کو نیچے لانا ہی ملک و قوم کے بہترین مفاد میں ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک تفصیلی پیغام میں قومی سلامتی کے چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ تمام تر فکری و نظریاتی فاصلوں کے باوجود ہمارے بیرونی دشمنوں کی پشت پناہی سے ٹی ٹی پی اور بی ایل اے پاکستانی ریاست کے خلاف اسٹریٹجک الائنس بنا چکے ہیں، دہشتگردی کے اس عفریت سے نجات کیلئے افواجِ پاکستان، سکیورٹی اداروں اور عوام نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور ابھی یہ جنگ پورے زور و شور سے جاری ہے، جس میں آئے روز سکیورٹی اداروں کے جوان، افسران اور عام شہری شہادتوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔


سابق وفاقی وزیر نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان، ان کا خاندان، جماعت اور اکابر علماء خود ٹی ٹی پی کے نشانے پر ہیں، جے یو آئی کے متعدد اکابر علماء خودکش حملوں میں شہادت کا رتبہ حاصل کرچکے ہیں اور خود مولانا پر کئی خودکش حملے ہو چکے ہیں، دیوبندی مکتبۂ فکر کی سب سے بڑی جماعت ہونے کے ناطے ٹی ٹی پی جمعیت علمائے اسلام کو پاکستان میں اپنے راستے کی سب سے بڑی نظریاتی و سیاسی رکاوٹ سمجھتی ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے واضح کیا کہ بیرونی سرپرستی اور سرمائے سے ریاست کے خلاف مسلح جدوجہد میں مصروف گروپس چاہے ٹی ٹی پی ہوں یا بی ایل اے ان کے مقابلے میں پاکستان کے آئین اور پرچم کو ماننے والی تمام نمائندہ قوتوں کو داخلی سیاسی اختلافات کے باوجود ریاست کے ساتھ کھڑا رہنا چاہیئے اور مقتدرہ سے ان کا جھگڑا ختم ہونا چاہیئے، سیاسی حقیقتیں دباؤ میں تو لائی جا سکتی ہیں لیکن سختی سے ختم نہیں ہوتیں اور تاریخ کا سبق یہی ہے کہ سیاسی قوتوں اور مقتدرہ کی لڑائی میں ہمیشہ نقصان پاکستان ہی کا ہوا ہے۔
لیگی رہنما نے تجویز دی کہ بیرونی و اندرونی دشمنوں کو ناکام کرنے، دہشتگردی کے خاتمے، بدترین معاشی بدحالی سے نکلنے، فرسودہ طرزِ حکمرانی سے نجات اور سیاسی بحرانوں کے خاتمے کے لیے تمام ریاستی اور سیاسی قوتوں کو اکٹھا ہونا ہوگا، پی ٹی آئی اور جے یو آئی سمیت تمام قومی، علاقائی، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ مقتدرہ کے تعلقات نارملائز ہونے میں ہی ریاست کا مفاد کارفرما ہے، مقتدرہ کی اتحادی حکومتی جماعتیں خاموش رہنے یا ہچکچاہٹ کے بجائے اس ضمن میں پُل کا کردار ادا کریں اور بات چیت کے ذریعے راستے نکالیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قوم کے مستقبل کا فیصلہ ایک ایسی بااختیار پارلیمنٹ کو کرنا چاہیے جسے عوام کے ساتھ ساتھ ریاستی اداروں کی مکمل حمایت حاصل ہو، سابق وفاقی وزیر نے اس شعر کے ساتھ اپنی بات مکمل کی کہ
موج بڑھے یا آندھی آئے دیا جلائے رکھنا ہے
گھر کی خاطر سو دکھ جھیلیں، گھر تو آخر اپنا ہے

WhatsApp
Get Alert