جن کا لیڈر 50 روپے کے اسٹامپ پیپر پر باہر بھاگ نکلا وہ اب دوسروں کو بُنیادی طبی سہولیات مانگنے پر این آراو کا طعنہ دیں گے؟ مشعال یوسفزئی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)مرکزی رہنماء پی ٹی آئی سینیٹر مشعال یوسفزئی کا کہنا ہے کہ جن کا لیڈر 50 روپے کے اسٹامپ پیپر پر باہر بھاگ نکلا وہ اب دوسروں کو این آراو کا طعنہ دیں گے؟ ہمارا لیڈرا ملک میں موجود ہے، ہم شوکت خانم ہسپتال سے نہیں بلکہ شفا ہسپتال سے چیک اپ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
سینیٹر مشعال یوسفزئی نے ایکس پر وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جن کا لیڈر پچاس روپے کے سٹیمپ پیپر پر باہر بھاگ نکلا وہ اب دوسروں کو بُنیادی طبی سہولیات مانگنے پر این آراو کا طعنہ دیں گے؟
ہمارا لیڈر اس ملک میں موجود ہے، انہوں نے پاکستان سے باہر نہیں جانا، ہم شوکت خانم ہسپتال کی بھی نہیں، اسلام آباد میں موجود شفا انٹرنیشنل ہسپتال سے چیک اپ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
جس کا حکم اس ملک کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ نے دیا ہے اور فارم 47 کی حکومت وہ حکم ماننے سے انکاری ہے ۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے ایکس پر بانی پی ٹی آئی کے چیف جٹس آف پاکستان کو لکھے گئے کھلے پر خط پر اپنے ردعمل میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل سے چیف جسٹس صاحبان کو جو خط لکھا، وہ حقائق کے منافی ہے، یہ خط دراصل این آر او کی درخواست ہے، دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود اس کے طلبگار ہیں، بانی پی ٹی آئی کو ریلیف صرف عدالتوں سے مل سکتا ہے، بانی پی ٹی آئی سیاسی انتقام کے باعث جیل میں نہیں، 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کے بعد قید ہیں۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں آنے تھے، مگر ملک ریاض کے اکاؤنٹ میں بھیجے گئے، ملک ریاض نے 190 ملین پاؤنڈ کے بدلے بانی پی ٹی آئی کو ساڑھے چار سو کنال زمین تحفے میں دی، 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس واضح اور ٹھوس شواہد پر مبنی ہے، خط میں طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے الزامات بے بنیاد ہیں، بانی پی ٹی آئی کی 22 گھنٹے قیدِ تنہائی، کتابوں اور ٹیلی ویژن کی عدم دستیابی سے متعلق دعوے درست نہیں۔


طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولتیں فراہم ہیں، ان کی پسند کا کھانا بھی دیا جاتا ہے۔بانی پی ٹی آئی اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ سہولت یافتہ قیدی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق خط میں کیے گئے دعوے درست نہیں، بانی پی ٹی آئی کی صحت کا ہفتہ وار بنیاد پر طبی ماہرین جائزہ لیتے اور معائنہ کرتے ہیں، طبی ماہرین کی ضرورت پر بانی پی ٹی آئی کا جیل سے باہر بہترین طبی سہولت میں معائنہ کرایا جاتا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کو آٹھ مرتبہ پمز میں بہترین طبی سہولت کے ساتھ معائنے کے لیے دکھایا گیا، ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا۔ بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر کے معائنے کے لیے لندن سے ایسے ڈاکٹر کو بلایا گیا جو پاکستان میں بھی پریکٹس کرتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر تسلی بخش ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی جیل میں سہولتوں، طبی دیکھ بھال اور صحت کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت نے بانی پی ٹی آئی کی دیکھ بھال میں پہلے غفلت برتی، نہ آئندہ کسی غفلت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert