مریم نواز کی کسی سے لڑائی نہیں، وزیراعلیٰ لُٹے پِٹے صوبے کو دوبارہ کھڑا کررہی ہیں، عظمیٰ بخاری


لاہور (قدرت روزنامہ) پنجاب کی صوبائی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کسی سے کوئی لڑائی نہیں، وزیراعلیٰ اتنی محنت سے لُٹے پِٹے صوبے کو دوبارہ کھڑا کررہی ہیں، ان کے پاس بے بنیاد جھگڑوں میں الجھنے کے لیے وقت ہی نہیں ہے، تاہم اگر کوئی الزام لگایا جائے گا یا سوال پوچھا جائے گا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری نے چوہدری سالک حسین کی جانب سے دیے گئے بیانات اور قانونی نوٹس کے جواب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سالک صاحب نے اپنے جواب میں آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کا حوالہ دیا جو کہ ایک پبلک دستاویز ہوتی ہے، محکموں کے اندرونی آڈٹ اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ذریعے ان معاملات کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی جاتی ہے جہاں زیادہ تر معاملات طے اور ریکور ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ 2025/26ء کے مطابق سالک صاحب کے زیرِ اثر اوورسیز ڈیپارٹمنٹ کو 116525 ملین روپے کی رقم ایلوکیٹ ہوئی تھی، جس میں سے تقریباً 7 ارب روپے سے زائد کے آڈٹ پیراز بنائے گئے ہیں، اگر وزیرِاعلیٰ پنجاب کی کرپشن کے خلاف جاری مہم کو متنازع بنانے کی کوشش کی جائے گی تو ہر سوال کا جواب اسی مناسب انداز میں دیا جائے گا، اور اوورسیز ڈیپارٹمنٹ کی تمام تر تفصیلات ان کے پاس موجود ہیں۔
صوبائی وزیرِ اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ ملک کے دیگر حصوں کے برعکس پنجاب میں کرپشن پر کسی قسم کا پردہ نہیں ڈالا جا رہا بلکہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی سخت ہدایت پر اینٹی کرپشن کے تحت اب تک 723 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں 408 سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں، محسن نقوی نے کہا کہ پورے ملک میں کرپشن ہو رہی ہے لیکن ان کا جملہ ادھورا رہ گیا تھا جسے میں مکمل کرتی ہوں کہ بالکل پورے ملک میں کرپشن ہو رہی ہے لیکن کرپشن کے خلاف حقیقی ایکشن اور کارروائی صرف اور صرف پنجاب میں ہو رہی ہے۔
صوبائی طیارے اور اس کی مینٹیننس کے معاملے پر بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب کوئی طیارہ اڑے گا اور استعمال ہوگا تو اس کے آپریشنز اور مینٹیننس کے اخراجات بھی لازمی ہوں گے، دنیا بھر میں اور ہر جگہ ایسا ہی ہوتا ہے اور یہ کوئی انوکھی یا نئی بات نہیں ہے، پاک فضائیہ سرکاری طیاروں کی دیکھ بھال کرتی ہے جو کہ ایک معمول کی کارروائی ہے اور اس پر ہونے والے اخراجات بھی اسی نوعیت کے ہیں، اس معاملے پر کی جانے والی بے بنیاد تنقید دراصل مریم نواز کی کامیاب گورنر، عوامی فلاحی اقدامات اور بڑھتی ہوئی مقبولیت سے مخالفین کے خوف کی عکاس ہے۔

WhatsApp
Get Alert