بحرین میں مقیم پاکستانیوں کےلیے بڑی خوشخبری، پاسپورٹ سے متعلق اہم سہولت متعارف


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بحرین میں مقیم پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی، پاکستانی سفارتخانے نے پاسپورٹ سے متعلق تمام خدمات کیلئے آن لائن اپائنٹمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو سہولت فراہم کرنے کیلئے سفارت خانہ پاکستان 29 نومبر 2026 سے پاسپورٹ کی تمام خدمات کیلئے آن لائن اپائنٹمنٹ سسٹم شروع کر رہا ہے۔
ترجمان پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے تحت پاسپورٹ سے متعلق خدمات حاصل کرنے کیلئے شہریوں کو پہلے آن لائن اپائنٹمنٹ لینا ہوگی۔ اپائنٹمنٹ حاصل کرنے کے طریقہ کار اور دیگر ضروری تفصیلات سے پاکستانی کمیونٹی کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد بحرین میں مقیم پاکستانیوں کیلئے سفارتخانے کی پاسپورٹ خدمات کو مزید آسان اور منظم بنانا ہے تاکہ انہیں اپنی باری اور وقت کے حوالے سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بحرین نے ملک میں مقیم رہائشیوں کیلئے قومی صحت انشورنس پروگرام کا بھی آغاز کیا تھا، جس کا مقصد صحت کی سہولیات تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔
نئے ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت بنیادی اور ثانوی طبی سہولیات، ہنگامی طبی امداد اور حادثات کے بعد علاج معالجے کی سہولت شامل ہے۔ نئے قوانین کے مطابق ہیلتھ انشورنس کو رہائشی اور ورک پرمٹ کے حصول یا تجدید سے بھی منسلک کیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert