چاغی میں کم از کم 8 مقامات پر تانبے اور سونے کے ذخائر کی نشان دہی ہوئی، لکی گروپ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) لکی سیمنٹ نے چاغی میں معدنیات کے ذخائر کی مٹیریل انفارمیشن جاری کر دیں، اس حوالے سے اس نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور ایس ای سی پی کو خط لکھا ہے۔

اعلامیے کے مطابق نیشنل ریسورسز لمیٹڈ نے چاغی میں تانبے اور سونے کی دریافت کی ہے، بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کے کم از کم 8 پورفیری معدنی ذخائر کی نشان دہی ہوئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ریسورسز نے تانبے اور سونے کی تلاش کے لیے تقریباً 25 ہزار میٹر ڈرلنگ مکمل کر لی ہے اور کمپنی پہلی منرل ریسورس اسٹیمیٹ کی جانب بڑھ رہی ہے۔ منرل ریسورس اسٹیمیٹ بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا، جب کہ مزید تحقیقات سے وسائل کے قیام کی توقع ہے۔

اعلامیے کے مطابق ماحولیاتی، ہائیڈرو جیولوجیکل اور میٹالرجیکل مطالعات 2027 سے شروع ہوں گے۔ کمپنی کا رواں دہائی کے اختتام تک بینک ایبل فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرنے کا ہدف ہے۔

لکی گروپ کے مطابق نیشنل ریسورسز لمیٹڈ ابتدائی طور پر 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم پر قائم ہے۔ نیشنل ریسورسز لمیٹڈ میں لکی سیمنٹ کا 33.33 فی صد حصہ ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں معدنیات کی تلاش کے لیے قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کار لائے جائیں گے۔ نیشنل ریسورسز لمیٹڈ کے پاس بلوچستان میں پانچ ایکسپلوریشن لائسنس ہیں، جن میں دو کاپر گولڈ، ایک لیڈ زنک اور دو اینٹیمنی کے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق نیشنل ریسورسز لمیٹڈ کی تکنیکی افرادی قوت تقریباً مکمل طور پر مقامی ہے، جب کہ چاغی فاؤنڈیشن کے ذریعے تعلیم اور کمیونٹی کی ترقی کی حمایت جاری ہے۔

WhatsApp
Get Alert