والد کو جس اذیت سے گزارا جا رہا ہے، جان جانے کا خدشہ ہے، عمران خان کے خط پر بیٹوں کا ردِعمل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے اپنے والد کے اعلیٰ عدلیہ کو لکھے گئے خط پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے والد کو جس اذیت سے گزارا جا رہا ہے وہ بالآخر ان کی جان لے لے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں قاسم خان نے عمران خان کا خط شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ”اپنے والد کا خط پڑھ کر دل دہل گیا ہے۔ انہیں جس اذیت سے گزارا جا رہا ہے وہ بالآخر ان کی جان لے لے گی۔“
اپنے ردِعمل میں خدشے کا اظہار کرتے ہوئے قاسم خان نے لکھا کہ ”ہم پاکستان کے جمہوری طور پر منتخب لیڈر کا قتل ہوتے دیکھ رہے ہیں۔“
قاسم خان کے بعد سلیمان خان نے بھی ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اس خط سے جیل میں ان کے والد اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ روا رکھے جانے والے ”شرمناک“ سلوک کی تفصیلات سامنے آتی ہیں جو سلیمان خان کے بقول پاکستان کے آئین، جیل مینوئل، قوانین اور سپریم کورٹ کے احکامات کی مکمل خلاف ورزی ہے۔
سلیمان خان نے کہا کہ والد کی مناسب طبی سہولتوں کی فراہمی کی درخواست کسی بھی طرح خصوصی رعایت طلب کرنے کے مترادف نہیں ہے بلکہ یہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معیار پر عمل درآمد کے لیے کم از کم ضروری تقاضاہے۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا وہ حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری عمل کرے اور بہت دیر ہونے سے پہلے ان کے والد کو علاج کے لیے ’شفا انٹرنیشنل اسپتال‘ منتقل کیا جائے۔
عمران خان کے دونوں صاحبزادوں کا یہ ردِعمل سابق وزیرِاعظم عمران خان کے اس خط کے بعد سامنے آ رہا ہے جو انہوں نے چیف جسٹس پاکستان، وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے نام لکھا ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کے دونوں صاحبزادے برطانیہ میں مقیم ہیں اور وہ ماضی میں بھی اپنے والد کی صحت اور جیل میں ان سے رابطے کی اجازت نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ دونوں بھائیوں نے مئی 2025 میں پہلی بار ایک انٹرویو کے دوران والد کی قید کے بارے میں کھل کر بات کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ انہیں اپنے والد سے باقاعدگی سے رابطے کا موقع نہیں دیا جا رہا۔
فروری 2026 میں دونوں بھائیوں نے والد سے ملاقات کے لیے پاکستان آنے کی کوشش کی اور ان کی صحت سے متعلق خدشات ظاہر کرتے ہوئے مناسب طبی سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔ اگست میں غیر ملکی میڈیا کو انٹرویوز میں بھی انہوں نے کہا تھا کہ انہیں طویل عرصے سے والد کی صحت کے بارے میں تازہ معلومات نہیں مل رہیں اور ان سے رابطہ محدود ہے۔ ستمبر میں آسٹریلوی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز سے گفتگو میں بھی انہوں نے والد کے لیے بہتر جیل حالات، اہلِ خانہ سے ملاقات اور طبی علاج کی فراہمی کا مطالبہ دہرایا تھا۔
اس سے قبل عمران خان کا یہ خط ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے ’ایکس‘ پر شیئر کیا گیا تھا۔
عمران خان نے خط میں طبی علاج کی فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے 11 نومبر 2026 کو اڈیالہ جیل میں تین گھنٹے کی ملاقات کے دوران وکلا کو خط لکھوانے کی ہدایات دی تھیں۔
وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے عدلیہ کو بھیجے گئے خط کے متن کے مطابق عمران خان کے علاج اور اہلِ خانہ سے ملاقات کے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد نہیں ہوا جب کہ جیل میں تنہائی اور پابندیوں کا مقصد عمران خان کو ذہنی اور جسمانی طور پر توڑنا ہے۔
