اسلام آباد کے حکمرانوں کو بلوچستان کے عوام کو جینے کا حق دینا ہوگا،نوجوانوں کے لیے نہ سرکاری ملازمتیں ہیں اور نہ ہی روزگار کے مناسب مواقع، کاروبار اور صنعتوں کے فروغ کے لیے کارخانے موجود ہیں،مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ 22 نومبر کو کوئٹہ کے تاریخی جلسہ عام میں مظلوم اقوام اپنے حقوق کے حصول، امن و امان کے قیام، بدامنی اور بارڈرز کی بندش کے خلاف مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں بھرپور شرکت کریں گی۔صوبائی وبرادرتنظیموں کے ذمہ داران ،امرائے اضلاع جلسے کی کامیابی کے لیے دن رات محنت اور عوامی رابطہ مہم تیز کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں مختلف وفود سے ملاقات اور امرائے اضلاع سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ اسلام آباد کے حکمرانوں کو بلوچستان کے عوام کو جینے کا حق دینا ہوگا۔نوجوانوں کے لیے نہ سرکاری ملازمتیں ہیں اور نہ ہی روزگار کے مناسب مواقع، کاروبار اور صنعتوں کے فروغ کے لیے کارخانے موجود ہیں۔ بے روزگاری اور معاشی بدحالی کی وجہ سے بلوچستان کے حالات روز بروز خراب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک جانب نوجوان بے روزگاری کا شکار ہیں تو دوسری جانب اسلام آباد کے حکمرانوں نے ایران اور افغانستان کے ساتھ جائز اور قانونی تجارت کے لیے بھی بارڈرز بند کر رکھے ہیں، جس سے غربت اور بے روزگاری انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ ہزاروں خاندانوں کا روزگار بارڈر ٹریڈ سے وابستہ ہے، لیکن حکومتی پالیسیوں نے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کر دیے ہیں۔ان حالات میں جماعت اسلامی حقوق کے حصول، امن و امان کی بحالی، روزگار کی فراہمی، تجارت کی بحالی اور بارڈرز کھلوانے کے لیے 22 نومبر کو کوئٹہ میں مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد کر رہی ہے۔ یہ جلسہ بلوچستان کے عوام کی محرومیوں، مسائل اور حقوق کی توانا آواز بنے گا۔ انہوں نے تمام اقوام، قبائل، نوجوانوں، علمائے کرام، تاجر برادری اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مستقبل اور حقوق کی جدوجہد کے لیے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں
