کیسکو کی آسامیوں میں پشتون اضلاع کو نظرانداز کرنے کیخلاف پشتونخوا نیپ کا سی ای او آفس میں پٹیشن دائر “محروم اضلاع میں انٹرویو مراکز قائم اور ضلعی کوٹے کی مکمل تفصیلات پبلک کی جائیں، ازالہ نہ ہوا تو عدالتِ عالیہ سے رجوع کریں گے: نصراللہ زیرے،


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے اور مرکزی کمیٹی کے رکن باز محمد نے کیسکو کی جانب سے گریڈ 1 سے گریڈ 15 تک مشتہر کردہ 2,798 آسامیوں میں محروم پشتون اضلاع کو مکمل طور پر نظرانداز کرنے، مقامی اہل امیدواروں کو بھرتی کے عمل میں یکساں مواقع فراہم نہ کرنے اور آسامیوں کی شفاف و منصفانہ ضلعی تقسیم کے مطالبات کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے وکیل عبدالمصور خان ترین ایڈووکیٹ کے توسط سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کیسکو کے دفتر میں باقاعدہ پٹیشن اور درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست میں محروم پشتون اضلاع کے امیدواروں کی سہولت کے لیے ان کے اپنے اضلاع میں انٹرویو اور دستاویزات کی تصدیق کے مراکز قائم کرنے کا بھی پرزور مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ اس سلسلے میں کیسکو بورڈ کی رکن محترمہ روشن خورشید بروچہ اور ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز قاضی فہیم کو بھی تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
پشتونخوا نیپ کے رہنماؤں نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ کیسکو کی مشتہر کردہ 2,798 آسامیوں میں پشتون اضلاع کی مکمل اور مستند ضلعی تفصیلات، منظور شدہ، پُر شدہ اور خالی آسامیوں کی تعداد سمیت ان کی تقسیم کے معیار کو فوری طور پر عوام کے سامنے لایا جائے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ محروم پشتون اضلاع کو بھرتی کے عمل سے باہر رکھنے کی وجوہات واضح کی جائیں اور ان علاقوں کے اہل امیدواروں کو بھی دیگر اضلاع کے امیدواروں کی طرح مساوی اور قابلِ رسائی سہولیات فراہم کی جائیں، تاکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے نوجوان کسی امتیازی سلوک یا غیر ضروری انتظامی رکاوٹوں کے بغیر میرٹ کی بنیاد پر مقابلے میں حصہ لے سکیں۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ صوبے کے کسی بھی ضلع، بالخصوص محروم پشتون اضلاع کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے حق سے محروم رکھنا یا ان کے لیے غیر مساوی انتظامات کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔ پارٹی تمام اضلاع کے امیدواروں کے آئینی حقوق، شفاف بھرتی اور روزگار کے منصفانہ مواقع کے حصول کے لیے اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھے گی، اور اگر کیسکو حکام کی جانب سے ان جائز تحفظات کا تسلی بخش ازالہ نہ کیا گیا تو اس امتیازی اقدام کے خلاف فوری طور پر عدالتِ عالیہ سے رجوع کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert