عمران خان اپنے لیے کوئی مہربانی نہیں مانگ رہے، وہ صرف قانون اور انصاف مانگ رہے ہیں، سلمان اکرم راجہ
خان کا خط پوری قوم کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ ہونا چاہیے، خواجہ آصف ہوں یا کوئی بھی حکومتی بندہ، وہ ہمارے یا عمران خان کے خیرخواہ نہیں، ہم اصول کی سیاست کریں گے، خیرات نہیں چاہیئے۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی

لاہور(قدرت روزنامہ)سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنے لیے کوئی مہربانی نہیں مانگ رہے، وہ صرف قانون اور انصاف مانگ رہے ہیں، عمران خان کا خط پوری قوم کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ ہونا چاہیے، خواجہ آصف ہوں یا کوئی بھی حکومتی بندہ، وہ ہمارے یا عمران خان کے خیرخواہ نہیں، ہم اصول کی سیاست کریں گے، خیرات نہیں چاہیئے۔
جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ گفتگو میں سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کا لکھا گیا خط ایک تاریخی دستاویز ہے، اس ملک کی انتہائی تاریک تاریخ ہے۔ اس ملک میں جو کچھ سیاسی رہنماوں کے ساتھ ہوا، وہ سب ہمارے سامنے ہے۔ آج پوری قوم پر ایک فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ اپنی آواز بلند کرے۔
عمران خان پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے اور وہ جوانمردی سے ان کا مقابلہ کرتے رہے۔
انہوں نے عمران خان کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلڈ پریشر کا معاملہ جو ہمیں بتایا گیا کہ جولائی، اگست میں تھا، پھر ٹھیک ہوگیا، باہر سے ایک ڈاکٹر بلایا گیا، انہوں نے ادویات تبدیل کیں، لیکن اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کا بلڈ پریشر کا مسئلہ بالکل ٹھیک نہیں ہوا۔ 192، 193 بلڈ پریشر کی سطح ایک انتہائی تشویش ناک صورتحال ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ”2 نومبر کو جب سلمان صفدر صاحب کی ملاقات ہوئی، اس کے بعد میں نے ایک پریس کانفرنس کی اور ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ پوری قوم کو بتایا کہ خان صاحب کی طبیعت بالکل ٹھیک نہیں ہے، بشریٰ بی بی کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں ہے۔ اب اس حوالے سے ہماری عوام، ہماری پارلیمان، ہماری پارلیمانی جماعتوں اور پارٹی کے تمام مجاز عہدیداران نے فیصلہ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے لیے یہ خط انتہائی رقت آمیز ہے۔ یہ ایک انتہائی غم کا لمحہ ہے۔ عمران خان نے ہزاروں لوگوں کو شفا دینے کے لیے اسپتال بنائے، تعلیم کے لیے یونیورسٹی بنائی، لیکن آج عمران خان کی اپنی حالت یہ ہے کہ ان کے ذاتی معالجین کو ان تک جانے نہیں دیا جا رہا، ان کے ٹیسٹ نہیں کروائے جا رہے، ایسی لیبارٹری اور ایسے اسپتال سے جہاں ہم اعتبار کر سکیں۔
یہ ضروری ہے کہ ہم بار بار ان کے ٹیسٹ کروائیں تاکہ ہمیں یقین ہو کہ ان کی غذا اور خوراک میں کچھ ایسا شامل نہیں کیا جا رہا جس سے ان کی صحت متاثر ہو۔
سلمان اکرم راجہ نے عمران خان کے خط میں مصر کے سابق صدر محمد مرسی کے ذکر پر کہا کہ انہوں نے مصر کے مرسی صاحب کا ذکر کیا ہے۔ ہمیں انہیں پاکستان کا مرسی نہیں بننے دینا۔ یہ اس قوم کا اپنے آپ سے وعدہ ہونا چاہیے۔
یہ خط اس قوم کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ ہونا چاہیے، ہمارے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ ہے۔ ہماری تمام زندگی، ہماری ساری تگ و دو آج اس بات کے پیچھے ہے کہ ہم نے عمران خان کی جان کو بچانا ہے، اس ملک میں جمہوریت کو بچانا ہے، اس ملک میں عدلیہ کے نظام کو منصفانہ بنانا ہے اور قوم کی توقیر کو بحال کرنا ہے۔
انہوں نے موجودہ نظام عدل پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کوئی امید نہیں ہے کہ یہ نظام عمران خان کو انصاف دینا چاہتا ہے۔
اللہ کرے کہ اس نظام کو چلانے والے ہوش کے ناخن لیں۔ عمران خان چاہتے ہیں کہ انصاف ایسا ہو کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوتے نظر آئیں، لیکن ہمیں اس وقت ایسا کوئی ہوتا نظر نہیں آیا، تاہم امید ہے کہ آگے بہتری ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں پچھلے چار سال کے دوران جو بربریت ہوگئی، ہمیں اس صورتحال کو بدلنا ہے۔ یہ تمام آئینی اور قانونی نظام اس جبر کے تابع ہیں جس نے اس ملک میں شرافت کو ختم کر دیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے عمران خان کے بنیادی حقوق کے حوالے سے کہا کہ ”عمران خان اپنے لیے کوئی مہربانی نہیں مانگ رہے، وہ قانون مانگ رہے ہیں، وہ انصاف مانگ رہے ہیں اور جیل مینوئل کے تحت اپنے بنیادی حقوق مانگ رہے ہیں۔ اس جیل مینوئل میں کچھ ایسی شقیں ہیں جو جنرل ضیا الحق کے دور میں شامل کی گئیں۔ ان کے تحت عمران خان کی آواز کو جیل میں بند کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
پوری دنیا میں ایسا جبر نہیں ے۔ قید میں ہر قیدی کو کتاب لکھنے اور خط لکھنے کی اجازت ہے، لیکن عمران خان کی آواز سے یہ نظام ڈرتا ہے۔
انہوں نے سیاسی مکالمے اور آئینی نظام کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے ایک متحد قوم کی طرح آگے بڑھنا ہے تو ہمیں عمران خان کو ہر مکالمے میں شامل کرنا ہوگا۔ ہم نے اس نظام کو نہیں مانا۔ 26ویں اور 27ویں ترامیم ایک جھوٹی اسمبلی کے ذریعے بنائی گئی ہیں۔
ہم نے 2024 کے انتخابات میں جو ڈاکا پڑا، اسے نہیں مانا، لیکن اب بھی یہ ممکن ہے کہ ہم بیٹھ کر آگے کے معاملات کو ٹھیک کریں، شفاف انتخابات کی طرف جائیں اور عدلیہ کی بحالی کی طرف جائیں۔“
صوبوں کے حقوق کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ”عمران خان ہمیشہ سے چھوٹے صوبوں کے حق میں رہے ہیں۔ لیکن ایسا نہیں ہو سکتا کہ سارا نظام ابتری کا شکار ہو، جھوٹ کا شکار ہو، جبر کا شکار ہو اور آپ ایک چیز کے لیے تعاون مانگیں۔
آپ کو عمران خان سے براہِ راست بات کرنی چاہیے۔ ان کے منتخب نمائندوں، علامہ ناصر اور محمود اچکزئی صاحب کے ذریعے گفتگو ہونیچاہیے اور پورے نظام کی بحالی کی بات ہونی چاہیے۔
خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ خواجہ آصف ہوں یا کوئی اور حکومتی بندہ، وہ ہمارے خیرخواہ نہیں ہیں اور نہ ہی وہ عمران خان کے خیرخواہ ہیں۔
ان کے اپنے مقاصد ہو سکتے ہیں۔ ہمیں کوئی خیرات نہیں چاہیے، ہم اصول کی سیاست کریں گے۔
پارٹی کے اندرونی معاملات اور حالیہ ملاقاتوں کے بعد سامنے آنے والی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”جو لوگ ملاقات کرکے آئے، ان کی ملاقات کے بعد ہی مجھ پر حملے ہونا شروع ہوگئے۔ یہ حملے میں نے تو اپنے اوپر نہیں کیے۔ جھوٹا بیانیہ منسوب کیا جاتا ہے۔ اس ملاقات سے متعلق بات کرنا ضروری بن جاتا ہے، ورنہ پارٹی کے اندر ایک غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ ضروری تھا کہ اس جھوٹے بیانیے کا جواب دیا جائے۔
