‘نفٹاک کی تنظیمِ نو کو اختیارات کی منتقلی قرار دینا درست نہیں’، غیر ملکی میڈیا اداروں کا پروپیگنڈہ بے نقاب

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے نیشنل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر (نفٹاک) اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) سے متعلق انتظامی تبدیلی کو معمول کی تنظیمِ نو قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس کا مقصد ادارہ جاتی امور اور مختلف محکموں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

حکومتی مؤقف کے مطابق میجر جنرل فیصل نصیر کی سربراہی میں کام کرنے والے ادارے نیکٹا اور نفٹاک دونوں وزارتِ داخلہ کے انتظامی دائرے میں کام کرتے ہیں، اس لیے اس تبدیلی کو کسی دوسرے حکومتی شعبے یا وزارت کو اختیارات کی منتقلی کے طور پر پیش کرنا درست نہیں۔ دونوں اداروں کے درمیان کام کی تقسیم اور انتظامی ذمہ داریوں کو ازسرنو مرتب کیا گیا ہے تاکہ نظام کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔

وزارتِ داخلہ کے وزیر مملکت طلال چوہدری بھی اس تنظیمِ نو کو معمول کا انتظامی عمل قرار دے چکے ہیں۔ ان کے مطابق مختلف اداروں کے درمیان انٹیلیجنس رابطہ کاری، معلومات کے تبادلے اور ردعمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانا اس اقدام کا بنیادی مقصد ہے۔

اس تناظر میں بی بی سی اردو کی 16 نومبر کو شائع ہونے والی رپورٹ میں نفٹاک کی انتظامی تبدیلی کو نیکٹا سے اہم اختیارات واپس لینے اور ادارے کے کردار کو محض ریسرچ ونگ یا تھنک ٹینک تک محدود ہونے کے تاثر کے ساتھ پیش کیا گیا۔

تاہم حکومتی مؤقف کے مطابق یہ انتظامی تنظیمِ نو ہے، اسے اداروں کے درمیان اختیارات کی جنگ یا کسی بڑے پالیسی تصادم سے جوڑنا حقائق سے آگے بڑھ کر قیاس آرائی کے مترادف ہے۔

واضح رہے کہ نفٹاک کا قیام اپریل 2025 میں نیکٹا کے بورڈ آف گورنرز کی منظوری سے عمل میں آیا تھا۔ اس مرکز کا بنیادی مقصد 50 سے زائد وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان انٹیلیجنس معلومات کے تبادلے، خطرات کے تجزیے اور انسدادِ دہشتگردی کے لیے مربوط حکمت عملی کو فروغ دینا ہے۔ حکومت کی جانب سے اس نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے انتظامی تبدیلی کی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert