حکومت کی طرف سے صوبوں اور ریفرنڈم کے معاملے پر چُھپن چُھپائی کھیلی جا رہی ہے، شہزاد اقبال

شہباز شریف اس وقت آن بورڈ ہیں لیکن نواز شریف اور مریم نواز نے ابھی تک کوئی اتفاق نہیں کیا، پیپلزپارٹی میں مسئلہ بلاول بھٹو کا ہے، حقیقت میں دو پارٹیاں نہیں بلکہ دو خاندانوں کے چند افراد مخالف ہیں۔ سینئر صحافی شہزاد اقبال


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی شہزاد اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے صوبوں اور ریفرنڈم کے معاملے پر چُھپن چُھپائی کھیلی جا رہی ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں اینکر علینہ فاروق شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی شہزاد اقبال نے کہا کہ ”اب تک تو ن لیگ اور حکومتی صفوں میں سے خواجہ آصف ہی سب سے بڑے رہنما ہیں جنہوں نے کھل کر یہ بات کی ہے۔
اس سے پہلے ملک احمد خان صاحب بھی یہ بات کر چکے ہیں کہ ریفرنڈم بھی ہوگا اور معاملہ آئینی عدالت تک بھی جا سکتا ہے۔ وہ بھی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ہیں۔“
انہوں نے کہا کہ ”اگر دیکھیں کہ حکومت یا ن لیگ میں کون اس معاملے پر کھل کر بات کر رہا ہے تو وہ یہی لوگ ہیں جنہیں اپنی بات کہنے میں کوئی جھجک نہیں ہے اور وہ یقین رکھتے ہیں کہ یہ ایک ہائبرڈ نظام ہے اور ہمیں اس میں مل کر چلنا ہے۔
خواجہ صاحب کا تو حکومت میں ایک مقام ہے اور وہ وزیر دفاع بھی ہیں، اس لیے ان کے ماتحت جو ادارے ہیں، ان سے بھی انہیں معلومات ملی ہوں گی کہ وہ کیا سوچ رہے ہیں۔“
شہزاد اقبال کا کہنا تھا کہ ”لیکن یہ سب کے لیے ایک حیران کن بات ہے کہ دسمبر میں، یعنی ایک مہینے کے اندر اندر، یہ سب کچھ ہو جائے گا، ریفرنڈم کا سوال آ جائے گا اور اس پر بات بھی ہو جائے گی۔
نہ صرف خواجہ صاحب بلکہ کل مصطفیٰ کمال صاحب نے بھی کہہ دیا کہ دسمبر میں ریفرنڈم ہونے جا رہا ہے۔“
انہوں نے مزید کہا کہ ”اس میں مسئلے والی بات یہ ہے کہ عوام یا میڈیا کو اس بات کا علم ہی نہیں ہے۔ حکومتی رہنما یا ن لیگ کے لوگ تو اس سے انکار کرتے رہتے ہیں۔ آپ کسی وفاقی وزیر سے پوچھیں، جیسے میں نے کل خواجہ آصف صاحب سے پوچھا کہ شہباز شریف کیا سوچ رہے ہیں؟ تو ان کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں تھا۔
شہباز شریف صاحب کیا سوچ رہے ہیں، ہمیں نہیں پتا۔ مریم نواز کیا سوچ رہی ہیں، ہمیں نہیں پتا۔“
سینئر صحافی نے کہا کہ ”ہمیں یہ پتا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں ایک قرارداد منظور کی، جس میں انہوں نے اس بات کو مسترد کیا کہ سندھ میں صوبے بن سکتے ہیں۔“
نئے صوبوں کے قیام کے آئینی اور انتظامی پہلووؤں پر بات کرتے ہوئے شہزاد اقبال کا کہنا تھا کہ ”یہ ایک ایسا معاملہ ہے کہ اس میں آپ کو ایک دو شقیں نہیں بلکہ اپنا پورا آئین دوبارہ لکھنا پڑے گا۔
پانی کے مسائل ہیں، دوسرے وسائل کی تقسیم کے مسائل ہیں، این ایف سی ہیں، تو اس کے لیے آپ کو آئین کی ایک ایک شق کو جا کر ایڈریس کرنا پڑے گا۔“
انہوں نے کہا کہ ”یہ ایک ایسی مشق ہے جس میں آپ کو اٹھارہویں ترمیم جیسا کام کرنا پڑے گا۔ لیکن اس وقت تو 26 رکنی کمیٹی تھی، حتیٰ کہ جن جماعتوں کی صرف ایک ایک نشست تھی، انہیں بھی کمیٹی میں نمائندگی دی گئی تھی کہ ہم آئین میں ترمیم کر رہے ہیں، اس لیے آپ بھی اس معاملے پر اپنا مو¿قف اور تجاویز دیں۔
لیکن ابھی اس معاملے پر کچھ نہیں ہو رہا۔“
شہزاد اقبال نے مزید کہا کہ ”اگر آپ صدر اور وزیراعظم کی ملاقات کے اعلامیے پڑھیں تو اس میں آپ کو کہیں بھی اس معاملے کا ذکر نہیں ملتا۔ اس سے پہلے جب محسن نقوی صدر سے جا کر ملے، تب بھی باضابطہ طور پر کچھ سامنے نہیں آیا کہ صوبوں کے متعلق کوئی بات ہوئی ہے یا نہیں۔“
انہوں نے کہا کہ ”لیکن ہمارے بھی کان ہیں، ہماری بھی آنکھیں ہیں، ہم دیکھ رہے ہیں۔
ایک دن محسن نقوی ریفرنڈم کے بارے میں بیان دے رہے ہیں، اگلے دن وہ جا کر صدر سے ملتے ہیں اور پھر صدر اگلے دن جا کر وزیراعظم سے ملتے ہیں۔ تو اگر ہم یہ سمجھیں کہ کچھ نہیں ہو رہا تو ایسا نہیں ہے۔ اور حکومت کے علاوہ بھی ایسے بہت سے لوگ ہیں جو یہ بتانے والے ہیں کہ اس معاملے میں کیا کچھ ہو رہا ہے۔“
حکومت کے طرزِ عمل پر تنقید کرتے ہوئے سینئر صحافی نے کہا کہ ”حکومت کی طرف سے اس معاملے پر جو چھپن چھپائی کھیلی جا رہی ہے، یہ ایک زیادتی ہے۔
اگر ان کو یہ مئوقف اختیار کرنا ہے کہ صوبے نہیں بنانے چاہییں تو کھل کر اپنا مو¿قف دیں۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ یہ اس پوزیشن میں نہیں ہیں، اور یہ سب جانتے ہیں کہ جس طرح یہ حکومت بنی ہے اور اس کے بعد جو کچھ ہوا ہے، یہ اس کے پارٹ اینڈ پارسل رہے ہیں۔ یہ اب آگے آ کر پیچھے ہاتھ نہیں کھینچ سکتے۔“
شہزاد اقبال کا مزیدکہنا تھا کہ ”اس وقت جو ان جماعتوں کی پوزیشن ہے، وہ زیادہ دیر تک مزاحمت نہیں کر سکیں گی۔
اب پیپلز پارٹی اس پر کیا کرے گی، مجھے نہیں پتا، کیونکہ مجھے لگ رہا تھا کہ وہ آخری دم تک اس کی مخالفت کریں گے۔ لیکن اب جب خواجہ صاحب کہہ رہے ہیں کہ اس پر بات ہو چکی ہے اور دسمبر تک اس پر مزید پیش رفت بھی ہوگی، تو یہ بہت حیران کن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب پیپلز پارٹی اسے کیسے قبول کرے گی؟ اس پر ان کا کیا بیانیہ ہوگا؟ ایک بات یہ بھی سامنے آ رہی تھی کہ ایک بار عوام سندھ میں بھی اپنی رائے دے دیں تو ان کے لیے تھوڑی آسانی ہو جائے گی کہ یہ عوامی رائے ہے۔
سندھ کی سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے شہزاد اقبال نے کہا کہ ”سندھ کے کل دو رہنماؤں سے میری بات ہوئی، جو سندھ کے بہت سینئر رہنما ہیں اور پی ٹی آئی کے مخالف بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پورا سندھ اس معاملے پر متحد ہے اور کوئی سیاسی جماعت نہیں چاہتی کہ سندھ میں صوبے بنائے جائیں۔“
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم پی ٹی آئی کی مخالفت کرتے ہیں، کرپشن اور گورننس کے مسائل پر بھی تنقید کرتے ہیں، لیکن اس معاملے پر ہم بھی متحد ہیں۔
جیسے جنگی حالات میں سب متحد ہوتے ہیں، ویسے ہی سندھ میں سب اس معاملے پر متحد ہیں۔
کیا نون لیگ اور حکومت میں اس معاملے پر تقسیم نظر آتی ہے؟ اینکر علینہ فاروق کا سوال
اینکر کے سوال پر شہزاد اقبال نے کہا کہ میرے ذریعے اس وقت یہ بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف اس وقت آن بورڈ ہیں، جبکہ مریم نواز اور نواز شریف صاحب نے ابھی اس پر کوئی اتفاق نہیں کیا۔
ان کے مطابق جو کرتا دھرتا ہیں، وہ کہتے ہیں کہ زرداری صاحب کو بھی اس بات کا ادراک ہے کہ صوبے بنانا کتنا ضروری ہے، لیکن مسئلہ بلاول بھٹو صاحب کا ہے، جو اس معاملے پر زیادہ یقینی نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تو حقیقت میں دو پارٹیاں نہیں بلکہ دو خاندان مخالف ہیں، اور ان خاندانوں میں بھی چند افراد ہی مخالفت کر رہے ہیں، جبکہ عوام میں بھی اس معاملے پر بحث جاری ہے۔
آخر میں شہزاد اقبال کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس پر تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی رائے دینی چاہیے۔ ورنہ ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے ایک حکم صادر کر دیا گیا ہے اور آپ کو اس پر اتفاقِ رائے کرنا ہے۔

WhatsApp
Get Alert