گوجرنوالہ سے جہلم تک صوبہ ناردرن پنجاب بنے گا، وزارت اعلیٰ گجرات کے پاس آئے گی، موسیٰ الٰہی کا دعویٰ

لاہور سے جان چھوٹ جائے گی، ایک طرف تو یہ کفایت شعاری کا کہتے ہیں اور دوسری طرف 11 ارب کا جہاز لے لیتے ہیں، ان میں عقل ہی نہیں ہے؛ مسلم لیگ ق کے ایم پی اے کا کارکنوں سے خطاب


گجرات(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ق کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی چوہدری موسیٰ الٰہی نے کہا ہے کہ اگر اللہ نے چاہا تو عوام کی جان لاہور سے ہمیشہ کے لیے چھوٹ جائے گی اور اس خطے کا گوجرانوالہ سے لے کر جہلم تک الگ ناردرن پنجاب صوبہ بنے گا، جس کی وزارتِ اعلیٰ ایک بار پھر گجرات کے پاس آئے گی۔
ایک تقریب میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے صوبائی دارالحکومت لاہور کی مرکزیت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ گوجرانوالہ سے لے کر جہلم تک کے علاقوں کو ملا کر ناردرن پنجاب کے نام سے ایک نیا اور خودمختار صوبہ تشکیل دیا جائے، اس نئے صوبے کے قیام کے بعد اس خطے کی انتظامی باگ ڈور اور وزارتِ اعلیٰ گجرات کے پاس آئے گی، جس سے مقامی سطح پر عوام کے مسائل زیادہ بہتر طریقے سے حل ہوسکیں گے۔


موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے موسیٰ الٰہی نے کہا کہ حکمرانوں میں اتنی فہم و فراست نہیں ہے کہ وہ یہ جان سکیں کہ عوام کو حقیقی ریلیف کس طرح فراہم کیا جاتا ہے، اس سال تمام منتخب اراکینِ پنجاب اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز آنے تھے، لیکن حکومت نے نام نہاد بجٹ اور بچت پروگرام کا بہانہ بنا کر اور پیٹرولیم مصنوعات کی مہنگائی کا رونا رو کر تمام فنڈز روک دیئے۔
حکومتی دوہرے معیار کو بے نقاب کرتے ہوئے ق لیگی ایم پی اے نے سوال اٹھایا کہ ایک طرف حکومت غریب عوام کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی فنڈز کے نام پر بچت پروگرام کا ڈھونگ رچاتی ہے اور کہتی ہے کہ فنڈز نہیں دیئے جا سکتے جبکہ دوسری طرف 11 ارب روپے مالیت کا سرکاری طیارہ کہیں نہ کہیں سفر کے لیے استعمال ہو رہا ہے جہاں بچت کی کوئی پروا نہیں کی جاتی، اشرافیہ کی عیاشیوں کے لیے خزانے کھلے ہیں لیکن غریب عوام کی سہولتوں اور فنڈز پر کینچی پھیر دی جاتی ہے۔
اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے عوام سے تجدیدِ عہد کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے اس حلقے سے انتخاب لڑا تھا تب بھی یہی عزم ظاہر کیا تھا اور آج بھی اسی مؤقف پر قائم ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ عوام کے بنیادی حقوق اور مفادات کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھائی ہے، اور وہ اس بار بھی عوام کا حق کسی کو مارنے نہیں دیں گے کیونکہ وہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر وقت میدان میں موجود ہیں۔

WhatsApp
Get Alert