خواتین کےلیےبڑی خوشخبری، اہم فیصلہ ہوگیا

لاہور (قدرت روزنامہ)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی، 45 سال اور اس سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کو بھی مالی امداد کے پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بی آئی ایس پی بورڈ نے 45 سال یا اس سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کو مالی امداد فراہم کرنے کے پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے خاندانوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں سے تقریباً 50 لاکھ خاندان پنجاب میں رہتے ہیں۔
روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی ایک قومی فلاحی پروگرام ہے، جس کے تحت سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ملک بھر کے مستحق خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے نئے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کے حوالے سے بتایا کہ مستحق خواتین کو آسانی اور شفاف طریقے سے رقم فراہم کرنے کے لیے موبائل والٹس اور نیا ادائیگی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ون لنک کے ذریعے 6 بینکوں کو اس نظام میں شامل کیا گیا ہے، جس کے بعد مستحق خواتین صرف ایک مخصوص مرکز کی پابند نہیں رہیں گی بلکہ مختلف متعلقہ بینکوں کے ذریعے بھی اپنی رقم وصول کر سکیں گی۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مزید بتایا کہ اہل خواتین کو مفت سم کارڈ فراہم کیے گئے ہیں اور ان کے نام پر ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی کسی خاتون کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل ہوگی تو انہیں ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دی جائے گی، تاکہ وہ بروقت اپنی ادائیگی سے متعلق معلومات حاصل کر سکیں۔
