بلوچستان کی خواتین باصلاحیت ہیں، دور دراز علاقوں کی خواتین کو بھی آگے بڑھنے کے مساوی مواقع ملنے چاہئیں: حبا فواد

آئی ٹی یونیورسٹی کوئٹہ میں پانچ روزہ نیشنل ویمن کانفرنس کا انعقاد، مینا مجید اور فرح عظیم شاہ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں: میڈیا سے گفتگو


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان بلوچستان کے زیر اہتمام آئی ٹی یونیورسٹی کوئٹہ میں منعقدہ پانچ روزہ نیشنل ویمن کانفرنس کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حبا فواد نے خواتین کے لیے اس اہم قومی ورکشاپ کے انعقاد پر حکومتِ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں ملک بھر سے خواتین کو مدعو کرنے کا مقصد بلوچستان کی خواتین کو اپنے خیالات کے اظہار اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے، کیونکہ یہاں کی خواتین میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے انہیں مواقع کی کمی کا سامنا ہے۔
حبا فواد نے زور دیا کہ صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی خواتین کو بھی ایسے قومی فورمز میں نمائندگی دی جائے تاکہ ان کے تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی مسائل اجاگر ہو کر حل ہو سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کا اپنا تعلق بلوچستان سے ہے اور وہ یہاں آتی جاتی رہتی ہیں تاہم اب میڈیا پر ان کی آمد نظر آ رہی ہے جس پر وہ کسی کو وضاحت دینے کی پابند نہیں ہیں۔ انہوں نے مینا مجید اور فرح عظیم شاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ ضرور بلوچستان کی خواتین کی آواز بنیں گی، تاہم عملی سیاست میں آنے یا کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کے حوالے سے فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

WhatsApp
Get Alert