ملگری وکیلان بلوچستان کا آئین کی بالادستی، جمہوریت اور مظلوم طبقات کے قانونی دفاع کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) عوامی نیشنل پارٹی کے وکلاء ونگ، ملگری وکیلان بلوچستان کی صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس آج کوئٹہ کچہری بار روم میں صوبائی قائم مقام صدر ایڈووکیٹ خان میر ناصر کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں صوبائی جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ قسیم باچا خان سمیت کابینہ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں 22 نومبر کو چمن میں عوامی نیشنل پارٹی کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے عظیم الشان عوامی جلسے کی تیاریوں، تنظیمی امور اور سیاسی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ جلسے میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان بھی شرکت کریں گے۔
اجلاس کے شرکاء نے صوبے کی مجموعی سیاسی، سماجی اور آئینی صورتحال پر پرمغز بحث کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ بلوچستان اس وقت جن سنگین سیاسی، معاشی اور سماجی چیلنجز سے دوچار ہے، ان حالات میں ہر باشعور، جمہوریت پسند اور ذمہ دار شہری پر پہلے سے کہیں زیادہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قومی حقوق، جمہوری اقدار، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوامی اختیار کے تحفظ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملگری وکیلان عوامی نیشنل پارٹی کے جمہوری، ترقی پسند، قوم دوست اور باچاخانی سیاسی فکر کی روشنی میں آئینی و قانونی محاذ پر مظلوم، محکوم، محروم اور پسے ہوئے طبقات کی آواز بنے گی۔ قانون کی بالادستی، بنیادی انسانی حقوق، آزادیٔ اظہار، جمہوری آزادیوں اور انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن قانونی معاونت اور جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ وکلاء کا کردار محض عدالتوں اور عدالتی کارروائیوں تک محدود نہیں بلکہ وہ معاشرے میں آئین، قانون، جمہوریت اور انسانی وقار کے تحفظ کے بھی ذمہ دار ہیں۔ موجودہ سیاسی و سماجی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ ملگری وکیلان اپنی تنظیمی فعالیت، سیاسی شعور اور اجتماعی جدوجہد کو مزید منظم اور مؤثر بنائے۔
اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی جمہوری جدوجہد، قومی حقوق کی تحریک، محکوم اقوام کے حقِ خودارادیت اور عوامی بالادستی کے اصولوں کو قانونی، سیاسی اور تنظیمی سطح پر مزید تقویت دی جائے گی۔
ملگری وکیلان بلوچستان نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ باچاخانی فکر، آئین و قانون کی بالادستی اور عدم تشدد کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے مظلوم و محکوم عوام کے حقوق کے دفاع اور انصاف کی فراہمی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
