حکومت ناجائز ہے تو آصف زرداری کو صدارت سے استعفیٰ دے دینا چاہیے، حافظ نعیم الرحمان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نئے صوبوں سے متعلق بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آئینی فریم ورک کے تحت انتظامی صوبوں کی تعداد بڑھانے کے حق میں ہے اور کسی بھی ایسے طرزِ عمل کی مذمت کرتی ہے جو خون خرابے کی طرف لے جائے۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے 1972 میں لسانی بل لا کر فسادات کروائے اور اس بل کے نتیجے میں خون خرابہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی بھی طرزِ عمل جو خون خرابے کی طرف لے کر جائے، اسے درست کرنا چاہیے۔
آصف علی زرداری کس کے ووٹوں سے صدر بنے؟
پیپلز پارٹی کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی 2024 کے عام انتخابات کی بینیفشری ہے اور آج بھی حکومت کا حصہ ہے۔ ان کے بقول، اگر پیپلز پارٹی یہ کہتی ہے کہ موجودہ حکومت غلط کر رہی ہے یا ناجائز حکومت چلا رہی ہے، تو پھر بتایا جائے کہ آصف علی زرداری کس کے ووٹوں سے صدر بنے ہیں؟ اگر یہ حکومت ناجائز ہے تو آصف زرداری کو صدارت سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر خیبر پختونخوا میں مبینہ طور پر ناجائز طریقے سے گورنر راج لگا، تو اس پر دستخط بھی آصف زرداری نے ہی کیے تھے اور اس وقت بھی پیپلز پارٹی کا گورنر ہی خیبر پختونخوا میں معاملات چلا رہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے سوال اٹھایا کہ آپ کس کو دھوکا دینا چاہتے ہیں؟ آج بلاول پی ٹی آئی سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں، تو پھر پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کی حکومت گرائی ہی کیوں تھی؟
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت پر شب خون مارا، سندھ میں کرپشن چل رہی ہے، کراچی کے میئر کے الیکشن میں ہیرا پھیری کی گئی اور کراچی میں پیپلز پارٹی کی قومی اسمبلی کی سات نشستیں ناجائز ہیں؛ بلاول بھٹو ان نشستوں کے فارم 45 سامنے لے آئیں۔
اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا چھٹی بار التوا، وفاقی حکومت براہ راست ذمہ دار
بلدیاتی انتخابات اور حکومتی مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کو چھٹی بار ملتوی کیا گیا ہے اور وفاقی حکومت اس التوا کی براہِ راست ذمہ دار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کے نتیجے میں حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھا سکی، اور حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات کا فائنل راؤنڈ کل ہوگا۔
جماعت اسلامی کا شوگر ملز کے باہر دھرنے دینے کا اعلان
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے ملک میں زراعت کی زبوں حالی اور شوگر ملز مالکان کی مبینہ ہٹ دھرمی کے خلاف جمعہ کے روز ملک بھر کی شوگر ملز کے باہر دھرنے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ زرعی مداخل انتہائی مہنگے ہو چکے ہیں، دوسری فصلوں کی صورتحال بھی ابتر ہے اور ابھی تک گنے کی کرشنگ شروع نہیں کی گئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک میں شریف اور زرداری خاندانوں کی شوگر ملیں ہیں، اور مطالبہ کیا کہ گنے کی قیمت فوری طور پر 700 روپے فی من مقرر کی جائے۔
گندم اور آٹے کے بحران پر بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آٹا انتہائی مہنگا ہو چکا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ گندم کی خریداری کے لیے پنجاب حکومت نے جو کمپنیاں بنائی تھیں وہ اب کہاں ہیں؟ جبکہ سندھ میں فلور ملوں کو غیر معیاری اور کچرا گندم فراہم کی جا رہی ہے۔
آئی پی پیز کی کیپسٹی پیمنٹس فوری ختم کی جائیں
پیٹرولیم مصنوعات اور توانائی کے شعبے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں کچھ کمی ضرور ہوئی ہے، تاہم گزشتہ بحران کے دوران آئل کمپنیوں نے ناجائز منافع کمایا۔ ان کے بقول ایک وزیر نے تو یہاں تک کہہ دیا تھا کہ پیٹرول 1500 روپے فی لیٹر تک جا سکتا ہے، لیکن جماعت اسلامی نے احتجاج کر کے حکومت کو قیمتیں بڑھانے سے روکا۔
انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے عوامی ریلیف کے حوالے سے ایک ڈرافٹ تیار کر کے حکومت کو دے دیا ہے اور حکومت ریلیف بڑھانے پر رضامند دکھائی دیتی ہے، تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ سبسڈی کے ریلیف کا دائرہ مزید وسیع ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو باور کرایا گیا ہے کہ آئی پی پیز (IPPs) کے معاملے پر عوام کو مزید فائدہ ملنا چاہیے، اور مطالبہ کیا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کے تحت کام کرنے والے آئی پی پیز کی کیپسٹی پیمنٹس فوری ختم کی جائیں۔
