’تیاری کر کے آتے نہیں، لوگوں کا فضول خرچہ کرواتے ہیں‘، جسٹس حسن اظہر رضوی الیکشن کمیشن اور بلوچستان حکومت کے وکلا پر برہم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی آئینی عدالت نے سابق یو سی چیئرمین محمد اللہ شیرانی کی تحریکِ عدم اعتماد کے خلاف دائر کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن اور بلوچستان کے سرکاری وکیل پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر بلوچستان حکومت کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر اس معاملے پر رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا تھا، تاہم رپورٹ موصول ہو چکی ہے اور اس کی نقول (کاپیاں) کروا کر جمع کروانی ہیں۔
اس مؤقف پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آج کل کاپیاں کروانے میں کتنا وقت لگتا ہے؟ انہوں نے وکلا کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ تیاری کر کے عدالت نہیں آتے۔
دورانِ سماعت جسٹس حسن اظہر رضوی نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ نہ تو دستاویزات پڑھی جاتی ہیں اور نہ ہی کوئی تیاری ہوتی ہے، گزشتہ سماعت پر بھی الیکشن کمیشن کی وجہ سے ہی کیس ملتوی ہوا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج اس کیس کے سلسلے میں کتنے لوگ کوئٹہ سے سفر کر کے یہاں آئے ہیں، اس طرح تاخیر کر کے لوگوں کا فضول میں خرچہ کروایا جاتا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن اور بلوچستان حکومت کو اپنی رپورٹس جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔
