متحدہ عرب امارات کا پاکستانیوں سمیت تمام قومیتوں کے لیے 5 سالہ ملٹی پل انٹری سیاحتی ویزا

مقامی اسپانسر کے بغیر ویزا حاصل کیا جاسکتا ہے، ہر وزٹ پر 90 روز قیام کی اجازت، مزید 90 روز توسیع کی درخواست بھی ممکن، 6 ماہ کے بینک اسٹیٹمنٹ میں 4 ہزار ڈالر موجود ہونا ضروری


دبئی(قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستانیوں سمیت تمام قومیتوں کے شہریوں کے لیے 5 سالہ ملٹی پل انٹری سیاحتی ویزا کی سہولت فراہم کی ہے، جس کے تحت مسافر مقامی اسپانسر کے بغیر متعدد مرتبہ یو اے ای کا سفر کرسکتے ہیں۔
5 سالہ طویل مدتی سیاحتی ویزا ان افراد کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جو تعطیلات، اہل خانہ سے ملاقات اور دیگر جائز مقاصد کے لیے بار بار متحدہ عرب امارات جانا چاہتے ہیں، اس ویزا کے حامل افراد کو ہر سفر سے قبل نیا ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ویزا کی شرائط کے مطابق مسافر ہر دورے کے دوران زیادہ سے زیادہ 90 روز متحدہ عرب امارات میں قیام کرسکتے ہیں، جبکہ منظوری کی صورت میں مزید 90 روز کی توسیع بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ تاہم 12 ماہ کے دوران مجموعی قیام 180 روز سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔
5 سالہ سیاحتی ویزا کے لیے شرائط
متحدہ عرب امارات کے 5 سالہ ملٹی پل انٹری سیاحتی ویزا کے لیے درخواست گزاروں کو درج ذیل شرائط پوری کرنا ہوں گی:
– درست پاسپورٹ: درخواست گزار کے پاس قابلِ استعمال اور درست پاسپورٹ ہونا ضروری ہے۔
– صحت بیمہ: متحدہ عرب امارات میں قابلِ قبول ہیلتھ انشورنس فراہم کرنا ہوگی۔
– واپسی یا اگلے سفر کا ٹکٹ: درخواست گزار کے پاس واپسی یا اگلی منزل کے سفر کا ٹکٹ ہونا ضروری ہے۔
– بینک اسٹیٹمنٹ: گزشتہ 6 ماہ کے بینک اسٹیٹمنٹ میں کم از کم 4 ہزار امریکی ڈالر یا اس کے مساوی رقم موجود ہونا ضروری ہے۔
5 سالہ ویزا کی فیس
متحدہ عرب امارات کے 5 سالہ ملٹی پل انٹری سیاحتی ویزا کی درخواست کی مقررہ لاگت تقریباً 3 ہزار 713 اماراتی درہم بتائی گئی ہے، جس میں متعلقہ فیس شامل ہے۔
اس ویزا کے حامل افراد پانچ سالہ مدت کے دوران متعدد مرتبہ متحدہ عرب امارات میں داخل اور خارج ہوسکتے ہیں، تاہم انہیں امیگریشن قوانین اور قیام کی مقررہ مدت کی پابندی کرنا ہوگی۔
یہ سہولت بالخصوص پاکستانی شہریوں سمیت ان افراد کے لیے فائدہ مند ہے جو سیاحت، خاندانی ملاقاتوں اور دیگر جائز مقاصد کے لیے باقاعدگی سے متحدہ عرب امارات کا سفر کرتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert