’چھوٹے صوبے یا چھوٹی بادشاہتیں اور ان پر ایک شہنشاہ، ایسے ملک نہیں چلے گا‘، خواجہ سعد رفیق

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی سلطنتیں ختم ہونی چاہیں مگر ایسا نہ ہو کہ چھوٹی بادشاہتیں قائم کر دی جائیں اور ان پر شہنشاہ ایک ہی رہے، ایسے ملک چلے گا نہ آگے بڑھے گا، عجلت سے گریز مناسب ہوگا۔

ایکس پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس گلے سڑے بدبودار نظام حکمرانی کو محض چھوٹے صوبے بنا کر درست کرنیکی سوچ ناقابل فہم ہے، چھوٹے صوبے بنانا مثبت عمل ہے لیکن پیشگی بنیادی اصلاحات کیے بغیر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، سب سے پہلے شفاف نمائندہ جمہوریت کے تقاضے پورے کریں، سیاست میں غیر جمہوری مداخلت اور پیسے والوں کی حکمرانی ختم کریں، تعلیم یافتہ مڈل کلاس کے لیے سیاست کرنے کا راستہ بنائیں، سول سروس اور عدالتی ریفارمز کریں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سیاسی سلطنتیں ختم ہونی چاہیں مگر ایسا نہ ہو کہ چھوٹی بادشاہتیں قائم کر دی جائیں اور ان پر شہنشاہ ایک ہی رہے، ایسے ملک چلے گا نہ آگے بڑھے گا، عجلت سے گریز مناسب ہوگا، ملک میں جاری شدید سیاسی تناؤ ، دہشت گردی، افلاس کی انتہا، مفلوج نظام عدل، متنازع پارلیمنٹ اور غیر سیاسی مداخلت کی موجودگی میں ممکن ہے کہ چھوٹے صوبے بنا لیے جائیں لیکن یہ نظام ناپائیدار ہوگا اور نئی پیچیدگیاں لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ بھوک، غربت، ناانصافی، دہشت گردی بنیادی حقوق کی پامالی، سیاسی انتقام اور غیر آئینی عوامل کا خاتمہ ہے، ملک چلانا ہے تو پہلے ان مصائب سے قوم کی جان چھڑائیں، جلد بازی سے کام لیکر چھوٹے صوبے بنانے کا پراگریسو اقدام متنازع نہ بنایا جائے، کیا کوئی قائل کرنیوالا یا ہونیوالا موجود ہے یا نہیں۔

WhatsApp
Get Alert