پاکستان اور ترکیہ کا سمندر میں تیل و گیس کی تلاش اور معدنی وسائل کی ترقی میں تعاون، 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان اور ترکیہ نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش، اہم معدنی ذخائر کی ترقی اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ اس سلسلے میں ترکیہ کا جدید سیسمک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کراچی پہنچ گیا ہے، جو پاکستانی سمندری حدود میں تقریباً 670 مربع کلومیٹر کے علاقے کا سروے کرکے زیرِ سمندر تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی نشاندہی میں مدد دے گا۔
ترکیہ کے تحقیقی جہاز کی آمد پر کراچی بندرگاہ میں استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں، تاہم اب وقت ہے کہ اس دوستی کو عملی اقتصادی منصوبوں اور عوام کے لیے ترقی کے مواقع میں تبدیل کیا جائے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ 87 میٹر طویل اورچ رئیس جدید سیسمک، صوتی اور سمندر کی تہہ کا سروے کرنے والے آلات سے لیس ہے۔ یہ جہاز صوتی لہروں کے ذریعے سمندر کی تہہ میں موجود چٹانوں کی ساخت کا جائزہ لے گا اور حاصل ہونے والے ڈیٹا کی مدد سے زیرِ سمندر ارضیاتی ساخت کی سہ جہتی تصاویر تیار کی جائیں گی۔ اس تحقیق سے مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور کھدائی کے امکانات کا تعین کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ترک حکام کے مطابق سروے میں تقریباً 5 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ یہ مشن پاکستان کے لیے تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کی خوش خبری لائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سمندر میں توانائی کے ذخائر کی تلاش ایک پیچیدہ اور مہنگا عمل ہے اور سیسمک سروے سے ذخائر ملنے کی ضمانت نہیں ہوتی، تاہم یہ مستقبل کی تلاش کے لیے بنیادی معلومات فراہم کرتا ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی ماہرینِ ارضیات اور انجینیئرز اپنے ترک ہم منصبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ دونوں ملکوں کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان سمندری ارضیات اور سمندر میں توانائی کی تلاش سے متعلق انجینیئرنگ کے شعبوں میں اشتراک کے امکانات بھی موجود ہیں۔
پاکستان کے انڈس آف شور بلاک سی میں سمندری تحقیق کے لیے ترک کمپنی ترک پیٹرولیم اوورسیز کمپنی کو آپریٹر شپ منتقل کرنے کا معاہدہ 2 دسمبر 2025 کو طے پایا تھا۔ اس منصوبے میں ترک کمپنی کے علاوہ جی ایچ پی ایل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، ماری انرجیز اور او جی ڈی سی ایل بھی شامل ہیں۔
تعاون کا دائرہ اہم معدنیات تک بھی پھیلایا جا رہا ہے۔ پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور ترکیہ کی ایم ٹی اے انٹرنیشنل کمپنی بلوچستان میں اینٹی منی اور سونے کے ذخائر کی ترقی کے لیے اشتراک کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان اور ترکیہ کے متعلقہ معدنیاتی اداروں کے درمیان بھی مفاہمتی تعاون آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ سمندر میں تیل و گیس کی تلاش، معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں طویل مدتی شراکت داری چاہتا ہے۔ انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اہم منصوبوں میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور اداروں کے درمیان رابطے کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سمندری سرگرمیوں میں بحری تحفظ اور ماحولیاتی معیار کا مکمل خیال رکھا جائے، کیونکہ سمندر معاشی اثاثہ ہونے کے ساتھ قدرتی امانت بھی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کا یہ مشترکہ مشن سائنسی معلومات میں اضافے، قومی صلاحیتوں کی ترقی اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے نئے راستے کھولے گا۔
