مولانا فضل الرحمان اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، مزاحمت ہی واحد راستہ قرار دے دیا، حبیب اکرم

سخت ہدایات ہیں کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ کی جائے لیکن مولانا کسی بھی رعایت کےطالب نظر نہیں آتے، وہ سمجھتے ہیں کہ جو راستہ انھوں نے اختیار کیا ہوا ہے وہ راستہ نہ صرف ملک کے لیے مناسب ہے بلکہ ان کی سیاست کے لیے بھی مناسب ہے ، صحافی کا دعویٰ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی حبیب اکرم نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کسی بھی صورت اپنے سیاسی مؤقف پر سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں اور موجودہ حالات میں انہوں نے مزاحمت کو ہی واحد راستہ قرار دیا ہے۔ اپنے ویلاک میں حبیب اکرم کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے جب ان کے کارکنوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات اور موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ فی الحال مفاہمت کی کوئی صورت نظر نہیں آتی بلکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مزاحمت ہی واحد راستہ چھوڑا جا رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کے مؤقف سے واضح ہوتا ہے کہ وہ اپنے اختیار کردہ سیاسی راستے پر ثابت قدم ہیں اور اسے نہ صرف ملک بلکہ اپنی سیاست کے لیے بھی موزوں سمجھتے ہیں۔


حبیب اکرم نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کی معلومات کے مطابق مقتدر حلقوں کی جانب سے ہدایت سخت ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ مولانا خود بھی کسی رعایت کے خواہش مند دکھائی نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں مولانا فضل الرحمان کی نظریں پاکستان پیپلز پارٹی پر بھی لگی ہوئی ہیں۔ انہیں امید ہے کہ اگر پیپلز پارٹی حکومت کا ساتھ دینے کے بجائے اپوزیشن کا حصہ بن جائے تو سیاسی صورتحال میں تبدیلی آسکتی ہے اور موجودہ کشیدگی کم کرنے کی کوئی صورت نکل سکتی ہے۔ حبیب اکرم کے تجزیے کے مطابق آنے والے دنوں میں پیپلز پارٹی کا سیاسی فیصلہ ملکی سیاست کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert