وفاقی محکموں میں بھرتیوں کا مرحلہ دوم، حکومتِ بلوچستان نے امیدواروں کی سہولت کیلئے 7 علاقائی مراکز قائم کر دیے
ژوب، رکھنی، لورالائی، سبی، پشین اور کوئٹہ میں 2 مراکز مقرر، کیسکو کی بھرتیاں متعلقہ ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ہوں گی، حتمی تاریخ و وقت کا اعلان بعد میں کیا جائیگا: اعلامیہ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)حکومتِ بلوچستان نے صوبے کے تعلیم یافتہ نوجوانوں اور امیدواروں کی سہولت کے پیشِ نظر وفاقی محکموں میں بھرتیوں کے مرحلہ دوم (Phase-II) کے انعقاد کے لیے صوبے کے مختلف علاقوں میں سات علاقائی مراکز قائم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس احسن اقدام کا مقصد دور دراز اضلاع کے امیدواروں کو طویل سفر کی صعوبتوں سے بچانا اور انہیں اپنے قریبی مراکز پر بھرتی کے عمل میں شرکت کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ژوب مرکز (Zhob Center) میں ضلع ژوب، شیرانی اور قلعہ سیف اللہ کے امیدواروں کی بھرتیاں منعقد ہوں گی، جبکہ رکھنی مرکز (Rakhni Center) بارکھان، کوہلو اور ڈیرہ بگٹی کے بالائی علاقوں کے امیدواروں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ اسی طرح لورالائی مرکز (Loralai Center) میں موسیٰ خیل، دکی، ہرنائی اور زیارت کے امیدوار شریک ہوں گے، جبکہ سبی مرکز (Sibi Center) نصیر آباد، جعفر آباد، اوستہ محمد اور ڈیرہ بگٹی کے امیدواروں کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ پشین مرکز (Pishin Center) میں قلعہ عبداللہ، چمن اور برشور کے امیدواروں کے لیے بھرتیوں کا انعقاد ہوگا، جبکہ کوئٹہ میں دو الگ مراکز قائم کیے گئے ہیں؛ کوئٹہ مرکز اول (Quetta Center 1) کے تحت کوئٹہ ایسٹ اور کوئٹہ ویسٹ کے امیدواروں کے لیے بیوٹمز (BUITEMS) کو مرکز بنایا گیا ہے اور کوئٹہ مرکز دوم (Quetta Center 2) کے تحت مستونگ، قلات، سوراب اور نوشکی کے امیدواروں کے لیے میاں غنڈی کو مرکز مقرر کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ بھرتیوں کی حتمی تاریخ، مقام اور وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، جبکہ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (QESCO) کی بھرتیاں متعلقہ اضلاع کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ہی منعقد ہوں گی۔
