پنجاب میں بابا گرونانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات، ننکانہ صاحب میں تعلیمی اداروں کی 6 روزہ تعطیلات کا اعلان

سکھ یاتریوں کی رہائش کے لیے بعض اسکولوں اور کالجوں کو مختص کردیا گیا، امتحانات مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے


لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب کے ضلع ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں 6 روز تک تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے، تاکہ سکھ یاتریوں کی آمد اور قیام کے انتظامات کو سہولت فراہم کی جاسکے۔
جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق ننکانہ صاحب شہر کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 22 نومبر سے 25 نومبر تک بند رہیں گے۔
تاہم گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی اسکول اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول فاطمہ جناح میں 20 نومبر سے 25 نومبر تک تعطیلات ہوں گی۔ ان دونوں تعلیمی اداروں کو بابا گرونانک دیو جی کی 557ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے سکھ یاتریوں کی رہائش کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
اسی طرح گورنمنٹ گرو نانک گریجویٹ کالج برائے بوائز بھی 20 نومبر سے 25 نومبر تک بند رہے گا، جبکہ گورنمنٹ گرو نانک گریجویٹ کالج برائے خواتین اور نجی کالجوں میں 23 نومبر سے 25 نومبر تک تعطیلات ہوں گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کی تعطیلات کے باوجود تمام امتحانات پہلے سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے اور امتحانی پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
یہ انتظامات ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے سکھ یاتریوں کو رہائش کی سہولت فراہم کرنے اور مذہبی تقریبات کے انعقاد کو خوش اسلوبی سے یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔
ننکانہ صاحب سکھ مذہب کے اہم ترین مقدس مقامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر سال دنیا بھر سے سکھ یاتری بابا گرونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پہنچتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert