این سی سی آئی اے کی پنجاب بھر میں کارروائیاں، دو غیر قانونی انٹرنیشنل کال سینٹرز بے نقاب، 13 ملزمان گرفتار

لاہور(قدرت روزنامہ)این سی سی آئی اے کا پنجاب بھر میں کریک ڈاون، سائبر جرائم کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران دو غیر قانونی انٹرنیشنل کال سینٹرز بے نقاب کرکے مجموعی طور پر 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر کی ہدایات پر لاہور، ملتان اور گوجرانوالہ میں سائبر جرائم کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران دو غیر قانونی انٹرنیشنل کال سینٹرز بے نقاب کرکے مجموعی طور پر 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ، ملزمان میں 6 خواتین اور 7 مرد شامل ہیں۔
کارروائیوں کے دوران بچوں کے آن لائن جنسی استحصال، بلیک میلنگ اور ہراسانی میں ملوث تین ملزمان بھی گرفتار کیے گئے۔
لاہور میں کارروائیاں
این سی سی آئی اے لاہور نے ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے برطانیہ کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں ٹیسکو، ووڈافون اور او ٹو کے نام پر جعلی موبائل اپ گریڈ، سم اور نیٹ ورک پیکجز فروخت کرنے والے غیر قانونی کال سینٹر سے 6 خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کیا۔
ملزمان ڈائلر سافٹ ویئر کے ذریعے برطانیہ کے شہریوں کو کالز کرکے مالی فراڈ میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران 3 لیپ ٹاپ، 8 سی پی یوز اور 2 موبائل فون برآمد کیے گئے۔
ایک دوسری کارروائی میں پارک ویو لاہور کے علاقے براڈوے کمرشل پلازہ میں قائم غیر قانونی کال سینٹر سے مزید دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان برطانوی شہریوں کو ٹیلی کام کمپنیوں کے نام پر موبائل اپ گریڈ، سم اور نیٹ ورک پیکجز کی جعلی پیشکش کرکے ان کی مالی معلومات حاصل کرنے اور غیر قانونی رقوم وصول کرنے میں ملوث تھے ، کارروائی کے دوران 2 لیپ ٹاپ اور 2 موبائل فون برآمد ہوئے ، ابتدائی جانچ کے دوران آلات سے وی سی آئی ڈائلر سافٹ ویئر اور فراڈ سے متعلق ڈیٹا بھی ملا۔
بچوں کے آن لائن جنسی استحصال کے خلاف کارروائی
بچوں کے آن لائن جنسی استحصال کے خلاف کارروائی میں این سی سی آئی اے لاہور نے سورس رپورٹ کی بنیاد پر جوہر ٹاؤن سے محمد ہاشم طاہر کو گرفتار کیا، ملزم پر امریکہ میں مقیم 9 سالہ بچی کو آن لائن جنسی استحصال کا نشانہ بنانے، قابل اعتراض مواد طلب کرنے اور دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔ ملزم کے قبضے سے دو موبائل فون بھی برآمد کیے گئے۔
ملتان ، گوجرانوالہ میں چھاپے
اسی طرح این سی سی آئی اے ملتان نے کمسن بچی کو ہراساں کرنے اور اس کی قابل اعتراض تصاویر واٹس ایپ پر شیئر کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا، جبکہ این سی سی آئی اے گوجرانوالہ کی ٹیم نے ضلع شیخوپورہ کے علاقے جابران میں کارروائی کرتے ہوئے بچی کی تصاویر کو قابل اعتراض مواد میں تبدیل کرکے بلیک میل کرنے اور ویڈیوز شیئر کرنے کے الزام میں ساون محمود کو گرفتار کر لیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے کہا کہ بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس، بچوں کے آن لائن جنسی استحصال اور شہریوں کو ہراساں کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی ، بچوں اور شہریوں کو ڈیجیٹل جرائم سے محفوظ رکھنا ادارے کی اولین ترجیح ہے اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert