پاکستان میں آن لائن شاپنگ فراڈ سے متعلق الرٹ جاری، این سی سی آئی اے کی شہریوں کو جعلی ویب سائٹس سے محتاط رہنے کی ہدایت

معروف برانڈز کی اشیاء انتہائی کم قیمت پر فروخت کرنے کے جھوٹے اشتہارات کے ذریعے شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے، متاثرین ہیلپ لائن 1799 پر شکایت درج کرائیں


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پاکستان میں آن لائن شاپنگ فراڈ کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر شہریوں کے لیے حفاظتی الرٹ جاری کرتے ہوئے جعلی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا اسٹورز سے محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔
این سی سی آئی اے کے مطابق آن لائن خریداری کے دوران معمولی سی لاپرواہی بھی شہریوں کو مالی نقصان اور دھوکا دہی کا شکار بنا سکتی ہے۔ سائبر فراڈ کرنے والے جعلی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا اسٹورز کے ذریعے معروف برانڈز کی اشیاء انتہائی کم قیمت پر فروخت کرنے کے اشتہارات دیتے ہیں، تاکہ صارفین ان کی پیشکشوں پر اعتماد کرکے فوری ادائیگی کردیں۔
ایسے جعلی پلیٹ فارمز پر آرڈر اور ادائیگی کرنے کے بعد شہریوں کو نہ تو مطلوبہ اشیاء موصول ہوتی ہیں اور نہ ہی فروخت کنندگان سے رابطہ ممکن رہتا ہے، جس کے نتیجے میں انہیں مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
این سی سی آئی اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ آن لائن خریداری سے قبل ویب سائٹس اور اسٹورز کی اصلیت کی تصدیق کریں، صرف معروف اور قابل اعتماد پلیٹ فارمز سے خریداری کریں اور نامعلوم ویب سائٹس پر اپنی ذاتی معلومات یا بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کریں۔
غیر معمولی رعایتوں اور سستی اشیاء کے جھانسے سے بچیں
سائبر کرائم ایجنسی کے مطابق آن لائن فراڈ کرنے والے غیر معمولی رعایتوں اور خصوصی پیشکشوں کے ذریعے صارفین کو اپنی طرف راغب کرتے ہیں اور انہیں جلد ادائیگی کرنے پر آمادہ کرتے ہیں۔
بعض جعلی ویب سائٹس مہنگی اشیاء مارکیٹ قیمت سے کہیں کم نرخوں پر فروخت کرنے کے دعوے کرتی ہیں، تاکہ صارفین فروخت کنندہ کی تصدیق کیے بغیر رقم منتقل کردیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ انتہائی پرکشش رعایتوں پر فوری اعتماد نہ کریں، مختلف معتبر ویب سائٹس پر اشیاء کی قیمتوں کا موازنہ کریں اور مارکیٹ سے غیر معمولی کم قیمت پر دستیاب مصنوعات کی پیشکشوں کی مکمل جانچ پڑتال کریں۔
نامعلوم فروخت کنندگان کو صرف کم قیمت کی وجہ سے رقم منتقل کرنے سے گریز کیا جائے۔
آن لائن شاپنگ فراڈ سے بچاؤ کے لیے اہم احتیاطی تدابیر
این سی سی آئی اے نے صارفین کو آن لائن خریداری کے دوران متعدد احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
شہری ہمیشہ مستند اور قابل اعتماد ویب سائٹس کا انتخاب کریں، غیر معروف آن لائن اسٹورز سے خریداری کرنے سے قبل ان کے بارے میں تحقیق کریں اور فروخت کنندگان کے رابطہ نمبرز، کاروباری معلومات اور صارفین کے تبصروں کا جائزہ لے کر ان کی ساکھ معلوم کریں۔
ادارے نے محفوظ ادائیگی کے طریقے استعمال کرنے پر بھی زور دیا ہے۔ ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی سے قبل ویب سائٹ کی ساکھ اور سکیورٹی کی تصدیق کی جائے۔
صارفین کسی بھی شخص کے ساتھ اپنے کارڈ کی خفیہ معلومات، پن کوڈ یا ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) ہرگز شیئر نہ کریں۔
اس کے علاوہ موبائل فون، ایس ایم ایس یا دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے موصول ہونے والے مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے بھی گریز کیا جائے۔
فراڈ کرنے والے بعض اوقات خصوصی شاپنگ آفرز کے نام پر پیغامات بھیجتے ہیں، جن کے لنکس صارفین کو جعلی ویب سائٹس پر لے جاتے ہیں۔ ایسی ویب سائٹس ذاتی معلومات چوری کرنے یا مالی فراڈ کے لیے تیار کی جاتی ہیں۔
آن لائن شاپنگ فراڈ کا شکار ہونے پر کیا کریں؟
این سی سی آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر وہ آن لائن شاپنگ فراڈ کا شکار ہوجائیں تو خاموش رہنے کے بجائے فوری طور پر متعلقہ ادارے کو شکایت درج کرائیں۔
متاثرہ شہری رہنمائی اور معاونت کے لیے این سی سی آئی اے کی سرکاری ہیلپ لائن 1799 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ فراڈ سے متعلق ادائیگی کی رسیدیں، بینک ٹرانزیکشن کی تفصیلات، ویب سائٹ کے لنکس، فروخت کنندگان کے ساتھ پیغامات اور دیگر دستیاب شواہد محفوظ رکھیں، تاکہ تحقیقات میں مدد مل سکے۔
اگر بینک کارڈ یا اکاؤنٹ کی معلومات چوری یا افشا ہوجائیں تو فوری طور پر متعلقہ بینک سے رابطہ کرکے اکاؤنٹ اور مالی تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

WhatsApp
Get Alert