پاکستان میں سونے کی قیمت فی تولہ 4 لاکھ روپے سے نیچے آگئی، 10 ہزار روپے کی بڑی کمی

10 گرام سونا 8 ہزار 573 روپے سستا، عالمی مارکیٹ میں فی اونس قیمت 100 ڈالر گر گئی، چاندی بھی 180 روپے فی تولہ کم ہوگئی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ میں بدھ کے روز سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ روپے کی سطح سے نیچے آگیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 10 ہزار روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 98 ہزار 936 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 8 ہزار 573 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 42 ہزار 23 روپے پر آگئی۔
سونے اور چاندی کی تازہ قیمتیں
– سونا فی تولہ: 3 لاکھ 98 ہزار 936 روپے
– سونا 10 گرام: 3 لاکھ 42 ہزار 23 روپے
– عالمی مارکیٹ میں سونا فی اونس: 3 ہزار 764 ڈالر
– چاندی فی تولہ: 5 ہزار 48 روپے
چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی اور فی تولہ قیمت 180 روپے گھٹ کر 5 ہزار 48 روپے ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں سونا 100 ڈالر سستا
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 100 ڈالر کمی کے بعد 3 ہزار 764 ڈالر فی اونس ہوگئی، جس میں 20 ڈالر کا پریمیم بھی شامل ہے۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی فیڈرل ریزرو حکام کے سخت پالیسی سے متعلق بیانات، امریکی ٹریژری بانڈز کے منافع میں اضافے اور ڈالر کی مضبوطی نے سونے کی قیمتوں پر دباؤ ڈالا۔
امریکی ڈالر 19 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچنے سے بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان مضبوط ہوا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شرح سود میں اضافے سے سونے جیسے اثاثوں میں سرمایہ کاری کی کشش کم ہوجاتی ہے، کیونکہ سونا سرمایہ کاروں کو براہ راست منافع یا سود فراہم نہیں کرتا، جس کے باعث بلند شرح سود کے ماحول میں اس کی طلب اور قیمت متاثر ہوسکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert