رونالڈو 986واں گول کر کے بھی ناپسندیدہ ریکارڈ کے مالک بن گئے

سعودی عرب (قدرت روزنامہ)سعودی پرو لیگ میں کرسٹیانو رونالڈو کے لیے گزشتہ رات خوشی اور مایوسی کا امتزاج ثابت ہوئی جہاں ان کے گول کے باوجود النصر کو الاہلی کے ہاتھوں 3-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

41 سالہ پرتگالی اسٹار نے میچ کے 14ویں منٹ میں گول کرکے النصر کو برتری دلائی۔ اس گول کے ساتھ ان کے کیریئر کے مجموعی گولز کی تعداد 986 ہوگئی اور وہ تاریخی 1000 گولز کے سنگ میل سے صرف 14 قدم دور رہ گئے۔

تاہم رونالڈو کی خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور چار منٹ بعد انہیں پنالٹی کک پر گول کرنے کا موقع ملا لیکن ان کا شاٹ گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آگیا۔

اس طرح وہ سعودی لیگ میں النصر کی نمائندگی کرتے ہوئے مسلسل دو لیگ میچز میں پنالٹی ضائع کرنے والے اپنے کیریئر کے ایک ناپسندیدہ ریکارڈ کا حصہ بن گئے۔

الا ہلی کی جانب سے گیلینو نے پہلے ہاف کے اضافی وقت میں شاندار گول کرکے مقابلہ برابر کیا جبکہ دوسرے ہاف میں ایوان ٹونی نے پنالٹی پر ٹیم کو برتری دلائی۔ راجر ایبانیز نے کارنر پر ہیڈر کے ذریعے تیسرا گول کرکے الاہلی کی فتح یقینی بنادی۔

اس شکست کے بعد النصر 28 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگیا ہے جبکہ الاہلی 24 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ النصر کا اگلا مقابلہ 28 نومبر کو الحزم سے ہوگا۔

رونالڈو کے لیے یہ میچ 1000 گولز کے خواب کے قریب پہنچنے کے باوجود ایک تلخ یاد بن گیا۔

WhatsApp
Get Alert