انڈسٹری میں جو جتنا بدتمیز ہوگا وہ اتنا ہی مقبول ہوگا: غزالہ جاوید

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کی سینئر اداکارہ غزالہ جاوید نے شوبز انڈسٹری کے حوالے سے حیرت انگیز انکشاف کیا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے پی ٹی وی کے دور کو یاد کرتے ہوئے انڈسٹری کے حوالے سے گفتگو کی۔
غزالہ جاوید نے کہا کہ میں نے اب کام کرنا بہت کم کردیا ہے، پروڈکشن کے لوگ یا ٹیم اچھی ہو تو میں کام کروں گی ورنہ نہیں کروں گی، سب سے اہم بات یہ ہے کہ انڈسٹری میں اب عزت دینا ختم ہوگئی ہے، سینئرز کی عزت کرنا زیرو ہوگئی۔
انہوں نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اب ہم نے نخرے اٹھانے شروع کردیے ہیں جو جتنا بدتمیز ہوگا اور جو اپنے کام میں سنجیدہ نہیں ہے وہ اتنا ہی مقبول ہوگا۔
غزالہ جاوید نے مزید کہا کہ سینئر سیٹ پر پہنچ جاتے ہیں اور جونیئر یا مین لیڈ (ڈرامے میں اہم کردار اداکرنے والے اداکار) گھنٹوں انتظار کرواتی ہیں۔
