میری سیکیورٹی واپس لینا ثبوت ہے صوبے میں امن کی صورت حال مثالی ہے، فضل الرحمان

پشاور(قدرت روزنامہ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سابق فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام کی مرضی سے ہونا چاہیے، اسے الگ صوبہ بنانا ہے یا خیبرپختونخوا میں ضم کرنا ہے، اس بارے میں عوام سے پوچھا جائے۔ انھوں نے کہا کہ صوبے میں مکمل امن و امان ہے، اسی لیے ان کی سیکیورٹی بھی واپس لے لی گئی ہے۔

پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کی سیکیورٹی واپس لینا اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال مثالی ہے۔ یہاں ذاتی مفادات کی سیاست ہو رہی ہے، جب کہ ہم حقوق کی بات کرتے ہیں۔ ہم سندھ اور بلوچستان کے حقوق کی بات کرتے ہیں، جہاں وفاق قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ شفاف انتخابات ہونے چاہئیں تاکہ شفاف اسمبلیاں بنیں اور عوامی طاقت سامنے آئے۔ ہم جو باتیں کرتے تھے، آج حکومت کے پڑوس سے بلاول کی آواز بھی آ رہی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی وجہ دہشت گردی بتائی گئی ہے۔ اگر دہشت گردی گورنر راج کی وجہ ہے تو کیا بلوچستان کے حالات برے نہیں ہیں؟ سابق فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام کی مرضی سے ہونا چاہیے۔ سابق فاٹا کو الگ صوبہ بنانا ہے یا خیبرپختونخوا میں ضم کرنا ہے، اس بارے میں عوام سے پوچھا جائے۔

انھوں نے کہا کہ سابق فاٹا کو 10 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، بتایا جائے کہ 9 سال میں کتنے ارب روپے دیے گئے۔ انضمام کے بعد فاٹا میں تعلیم کے شعبے میں کون سی نئی تبدیلی آئی ہے؟

مولانا فضل الرحمان کے چھوٹےبھائی ضیاالرحمان کو کراچی ایئرپورٹ پر روک لیا گیا
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ اپنے مفادات کے لیے تضادات کی سیاست کی جا رہی ہے اور اپنے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے جعلی اسمبلیاں بنائی جا رہی ہیں، ڈمی اسمبلیاں کبھی بھی ملک کی خدمت نہیں کر سکتیں، وہ صرف طاقت ور لوگوں کی خدمت کرتی ہیں۔

پاکستان کے قیام کے مقاصد اور معاشی صورت حال
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں تین قسم کے نظریات رکھنے والے لوگ ملک کے وجود کی تشریح کرتے ہیں۔ ایک بڑے سیاسی طبقے کا خیال ہے کہ پاکستان جمہوریت کے لیے بنا تھا، جب کہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ ملک معاشی آزادی کے لیے وجود میں آیا۔ مقصد یہ تھا کہ ہم آزادی کے ساتھ اپنی معاشی پالیسیاں بنائیں۔

انھوں نے کہا کہ 80 سال گزرنے کے بعد ان خیالات میں مایوسی کے سوا کچھ نہیں۔ پاکستان میں ساری ذمہ داری سیاست دانوں پر ڈال دی جاتی ہے۔ لوگ سوچتے تھے کہ ہم آزادی کے ساتھ ایک خوشحال ملک کی طرف جائیں گے، لیکن آج ڈالر کے مقابلے میں ہمارے روپے کی قدر اور مہنگائی کی شرح کیا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے ساتھ نہیں بلکہ اپنے خطے کے ممالک کے ساتھ ہی موازنہ کر لیں۔ ایران، افغانستان اور بنگلادیش کے ساتھ معاشی صورت حال کا موازنہ کرلیں۔ ہم ترقی کے بجائے مسلسل پیچھے کی طرف گئے ہیں، یہی اصل صورت حال ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر قانون سازی نہ ہونے پر تنقید
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 1973 میں تشکیل دی گئی اسلامی نظریاتی کونسل آج 2026 میں داخل ہو گئی ہے۔ کونسل کی سفارشات اسمبلی میں آتی ہیں، لیکن پتا نہیں کس کمرے میں بند ہو جاتی ہیں۔ آج تک اسلامی نظریاتی کونسل کی ایک سفارش پر بھی قانون سازی نہیں ہو سکی۔

انھوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں شق ڈالی گئی کہ کونسل کی سفارشات بحث کے لیے ایوان میں پیش ہوں، لیکن آج تک کونسل کی ایک سفارش بھی ایوان میں بحث کے لیے پیش نہیں کی گئی۔ موجودہ صورت حال میں ہمیں مایوسی کے علاوہ پھر کیا ملے گا؟

صوبوں کی تقسیم پر سوال
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ ماضی میں یا تو ہم نے چاروں صوبوں کو ملا کر ایک یونٹ بنایا، یا آج چاروں صوبوں کو پتا نہیں کتنے ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کا سوچا جا رہا ہے۔

انھوں نے سوال کیا کہ آج کون سی نئی سوچ آ گئی ہے کہ ہم ہر صوبے کے ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں؟

WhatsApp
Get Alert