پی ٹی آئی کو پنجاب میں بڑا دھچکا، سینئر رہنما کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو پنجاب میں اہم دھچکا لگا ہے جہاں سینئر رہنما اور اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان پنجاب کے ترجمان شایان بشیر اور صدر لیبر ونگ لاہور راشد بھٹی نے اپنی جماعت اور اپوزیشن اتحاد کو خبرباد کہنے کا اعلان کیا۔

پی ٹی آئی کے سنیئر رہنما اور ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان پنجاب شایان بشیر نے ویڈیو پیغام میں پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کو خیرباد کہتے ہوئے کہا کہ آج کے بعد میرا پاکستان تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان پنجاب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

شایان بشیر نے کہا کہ میں پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان پنجاب کے عہدوں سے مستعفی ہو رہا ہوں، پاکستان کے آئین و قانون کا احترام کرتا ہوں، آئندہ کسی بھی ایسی سرگرمی میں حصہ نہیں لوں گا جو آئین وقانون کے خلاف ہو۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے اپنے کاروبار پر توجہ نہیں دے سکا اور اب میں صرف اپنے کاروبار پر توجہ دوں گا۔

صدر پی ٹی آئی لیبرونگ لاہور بھی مستعفی

پی ٹی آئی لیبر ونگ لاہور کے صدر محمد راشد بھٹی نے الگ ویڈیو پیغام میں کہا کہ اپنے عہدے سے دستبردار ہونے اور پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ کسی ایسی سرگرمی کا حصہ نہیں بنوں گا جو آئین اور ریاست پاکستان سے متصادم ہو۔

WhatsApp
Get Alert