حکومت پی ٹی آئی کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں نمائندگی دینے کیلیے راضی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں نمائندگی دینے کیلیے آمادگی ظاہر کر دی۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ پی ٹی آئی چیف وہپ عامر ڈوگر سے انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل پر رابطہ ہوا ہے، حکومت اپوزیشن کو نشستوں کے تناسب سے کمیٹی میں نمائندگی دینے کیلیے تیار ہے۔
طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ ہر جماعت کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں اس کی نشستوں کے تناسب سے نمائندگی دی جاتی ہے، پی ٹی آئی کو برابر کی نمائندگی دینے کا مطالبہ طے شدہ پارلیمانی روایات کے مطابق ممکن نہیں، پی ٹی آئی غیر روایتی مطالبے سے پیچھے ہٹ کر اس کا حصہ بنے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پی ٹی آئی کو نشستوں کے تناسب سے نمائندگی دینے کیلیے مکمل طور پر تیار ہے، حکومت ایک بار پھر پی ٹی آئی کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دیتی ہے، ان کو غیر مناسب مطالبات سے گریز کرنا چاہیے۔
