پیٹرولیم ڈیلرز نے کاروبار بند کرے کی دھمکی دیدی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پیٹرولیم ڈیلرز نے پیٹرول کی قیمتوں کا تعین 30 روز کیلئے نہ کرنے پر کاروبار بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں کا تعین 30 روز کے لئے نہ کیاگیا تو کاروبار بند کردیا جائے گا۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش،وائس چیئرمین طارق حسن،انورکمال،صدر سندھ ریجن امیر خان اور صدر کراچی ریجن سعید خان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہم حکومت کو 15 دن کی مہلت دے رہے ہیں کہ وہ اس مسئلے کو حل کرے، یومیہ بنیاد پر پیٹرولیم قیمتوں کے تعین سے پیٹرول پمپ مالکان کا سرمایہ ختم ہورہاہے اگر سرمایہ ختم ہوا تو پیٹرول پمپس سے فیول ختم ہو جائے گا جس سے امن وامان کی صورتحال خراب ہو گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ڈیلرز مارجن کو فوری طور پر 8 فیصد کرے ،ریفائنریوں نے پیٹرولیم وڈیزل کی سپلائی کم کردی ہے، ایک ریفائنری نے تو ڈیزل کی سپلائی مکمل بند کردی ہے۔

وائس چئیرمین طارق حسن نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز یومیہ بنیاد پر ملکی خزانے میں 5 ارب 74 کروڑ روپے یومیہ جمع کراتے ہیں ،حکومت نے ڈیلرز مارجن بڑھانے کا وعدہ کیا تھا حکومت وعدہ پورا کرے روزانہ پیٹرولیم قیمتوں میں ردوبدل ڈیلرز کے لیے ناقابل برداشت ہوگیا ہے، روزانہ قیمتوں میں تبدیلی سے پیٹرولیم ڈیلرز کا ورکنگ کیپیٹل متاثر ہورہا ہے،موجودہ صورتحال برقرار رہی تو ڈیلرز شدید مالی مشکلات کا شکار ہوجائیں گے، مالی مسائل کے باعث پیٹرول پمپس بند کرنے کی نوبت آسکتی ہے اورپیٹرول پمپس کی بندش سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، حکومت فوری طور پر30 روزہ قیمتوں کا طریقہ کار نافذ کیا جائے۔

ملک خدا بخش نے کہا کہ ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو 30 روزہ قیمتوں کے طریقہ کار کی سہولت حاصل ہے، ڈیلرز کو بھی یکساں سہولت فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ڈیجیٹلائزیشن اور ڈی ریگولیشن اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں، پیٹرولیم ڈیلرز حکومتی اصلاحات میں تعاون کے لیے تیار ہیں، پیٹرولیم قیمتوں کے ضابطے ختم کرنے سے قبل ڈیلرز کو اعتماد میں لیا جائے،پیٹرولیم پالیسی سازی میں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کو شامل کیا جائے۔

انور کمال نے کہا کہ وزیر پیٹرولیم سے ملاقات میں پالیسی سازی کے لیے ڈیلرز کو مشاورت میں شامل کرنے کا فیصلہ ہوا،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار حکومت پاکستان کے پاس رہنا چاہیے، ڈیلرز سے مشاورت کے بغیر پیٹرولیم سے متعلق کوئی پالیسی یا فیصلہ نہ کیا جائے۔

امیر خان نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع کا مارجن کم از کم 8 فیصد مقرر کیا جائے، قومی مفاد میں ڈیلرز نے منافع کا مارجن بڑھانے کا مطالبہ موٴخر کیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert