مولانا فضل الرحمان کو روکنا حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، ترجمان جے یو آئی

حکومت خود حالات کو کشیدگی کی طرف دھکیل رہی ہے، سیاسی اختلافات کا جواب ریاستی طاقت سے دینا مارشلائی طرزِ حکمرانی ہے، کارکنان اشتعال میں آنے کی بجائے پارٹی احکامات کا انتظار کریں؛ اسلم غوری کا ردعمل


لاہور(قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام ف پاکستان کے ترجمان محمد اسلم غوری نے لاہور میں جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ کے پولیس محاصرے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب سے روکنا حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت اور آئین، قانون و بنیادی شہری آزادیوں کی خلاف ورزی ہے، میڈیا سیل جے یو آئی پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان جے یو آئی نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ اشتعال میں آنے کے بجائے پارٹی احکامات کا انتظار کریں کیونکہ جے یو آئی قائدین اور کارکنان کو اشتعال دلا کر کسی کے مذموم مقاصد کو پورا نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ترجمان جے یو آئی محمد اسلم غوری نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو رہائش گاہ تک محدود رکھنا آئین، قانون اور بنیادی شہری آزادیوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، کسی سیاسی رہنما کی آزادانہ نقل و حرکت روکنا جمہوری اقدار اور آئینی ضمانتوں کے منافی ہے، بغیر کسی قانونی حکم کے قائدِ جمعیت کو گھر سے باہر آنے سے روکنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔


ان کا کہنا ہے کہ پرامن سیاسی جدوجہد کا راستہ روک کر حکومت خود حالات کو کشیدگی کی طرف دھکیل رہی ہے، اور سیاسی اختلافات کا جواب ریاستی طاقت سے دینا جمہوری نہیں بلکہ مارشلائی طرزِ حکمرانی ہے اس لیے حکومت ہوش کے ناخن لے، حکومت اشتعال انگیز اقدامات سے گریز کرے اور سیاسی ماحول کو خراب کرنے کے بجائے آئین و قانون کی پاسداری کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت علمائے اسلام تصادم نہیں بلکہ آئینی، قانونی اور پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، قائدِ جمعیت کی آزادیِ نقل و حرکت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی و قانونی فورم پر کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں، پارٹی کارکنان اشتعال میں آنے کے بجائے نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور پارٹی احکامات کا انتظار کریں کیونکہ کسی بھی صورت میں جے یو آئی قائدین اور کارکنان کو اشتعال دلا کر کسی کے مذموم مقاصد کو پورا نہیں ہونے دیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert