بابا گرونانک کے 557ویں جنم دن پر ننکانہ صاحب میں آج مقامی تعطیل کا اعلان
ڈپٹی کمشنر رانا حمید نے ضلع بھر میں 24 نومبر کو عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، تاہم تمام امتحانات پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوں گے

لاہور(قدرت روزنامہ)ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب نے سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کے موقع پر آج بروز منگل 24 نومبر 2026 کو ضلع بھر میں مقامی عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر رانا حمید کی جانب سے 23 نومبر کو جاری کیے گئے سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیل کا اطلاق پورے ضلع ننکانہ صاحب میں ہوگا۔
تاہم ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ 24 نومبر کو ہونے والے امتحانات تعطیل سے متاثر نہیں ہوں گے۔ تمام داخلی، خارجی، بورڈ اور یونیورسٹی کے امتحانات پہلے سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق منعقد کیے جائیں گے اور ان میں کوئی تبدیلی یا التوا نہیں ہوگا۔
انتظامیہ نے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ امتحانات کے بلا تعطل انعقاد کے لیے ضروری انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
ننکانہ صاحب میں سکھ یاتریوں کی آمد
بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ گوردوارہ جنم استھان میں مذہبی رسومات اور تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔
جنم دن کی مرکزی تقریب 24 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان میں منعقد ہوگی۔ یہ دن دنیا بھر کی سکھ برادری کے لیے مذہبی اور تاریخی اعتبار سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ننکانہ صاحب بابا گرو نانک دیو جی کی جائے پیدائش ہے۔
ضلعی سطح پر تعطیل کا مقصد یاتریوں اور شہریوں کو تقریبات میں شرکت کی سہولت فراہم کرنا ہے، تاہم تعلیمی اداروں کے طے شدہ امتحانات معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔
